علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس ملتان میں یوم تشکر بھر پور جوش وجذبے سے منایا گیا

جمعہ 16 مئی 2025 19:02

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس ملتان میں ریجنل ڈائریکٹر ملتان غلام حسین کھوسہ کی زیر سرپرستی یوم تشکر کے حوالے سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ریجنل ڈائریکٹر ملتان غلام حسین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب یہاں ایک عظیم کامیابی اورتاریخی لمحے کے اظہار تشکر کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

الحمدو للہ،اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں اور ایک با ہمت قوم ہیں اور اپنے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے والی قوم ہیں۔حال ہی میں بھارت کی جانب سے جارحیت اور حملے کئے گئے،مگر ہماری بہادر افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو نہ صرف ناکام بنایا بلکہ دشمن کوایسا سبق سکھایا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔

(جاری ہے)

یہ فتح صرف میدان جنگ کی فتح نہیں،یہ حق کی باطل پر،استقلال کی ظلم پر اور جذبہ ایمانی کی تکبر پر فتح ہے۔ہم اپنے ان شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے لہوسے وطن کی سرحدوں کو محفوظ بنایا۔ہم اپنے ان غازیوں کوسلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہدہ تنویر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے سپہ سالاروں ، فوجی جوانوں اور ان تمام محب وطن پاکستانیوں کا شکریہ اداکرتے ہیں جنہوں نے یکجہتی،اتحاد اور قربانی کے جذبے سے اس جنگ میں کامیابی حاصل کی۔

آج کادن شکر کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اگر ہم متحد ہوں اپنے ایمان،اتحاداور قربانی کے اصولوں پر کاربند رہیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں زیر نہیں کر سکتی۔ سیمینار میں اسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر انیقہ شاہین اوردیگر سٹاف نے بھر پور شرکت کی۔