جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں یومِ تشکر کی پروقار تقریب کا انعقاد

جمعہ 16 مئی 2025 20:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں وزیرِاعظم پاکستان کی ہدایت پر "یومِ تشکر" کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب آپریشن بنیانِ مرصوص کی کامیابی پر قومی یکجہتی، شکر گزاری اور حب الوطنی کے جذبے کے اظہار کے طور پر منائی گئی۔تقریب کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے قومی ترانے کے ساتھ پرچم کشائی سے کیا۔

یونیورسٹی کی فضا حب الوطنی سے لبریز تھی اور نعرہ تکبیر و پاکستان زندہ باد سے گونجتی رہی۔طلبہ اور اساتذہ نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ نوجوانوں نے قومی پرچم اور پلے کارڈز اٹھا کر پاک فوج سے اپنی عقیدت اور اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے خطاب کرتے ہوئے قومی قربانیوں کو سراہا اور وطن کے دفاع کے عزم کو دہرایا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کی قیادت نے تقریب میں شرکت کی جن میں پرنسپل ایس ایم سی پروفیسر ڈاکٹر امرین عثمانی، پرنسپل SIOHS ڈاکٹر ساجد حنیف، ڈائریکٹر ایچ آر ڈاکٹر راحت ناز، اور ایڈیشنل ڈائریکٹر کمیونیکیشنز آصفیہ عزیز شامل تھے۔ تقریب کو کامیابی سے منعقد کروانے میں ڈائریکٹر ایڈمینسٹرشن جناب سہراب زمان، کا اہم کردار رہا۔اختتام پر پاکستان کی سلامتی، شہدا کی مغفرت، اور قومی ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس میں تمام شرکا نے ہاتھ بلند کیے اور خلوصِ دل سے دعائیں مانگیں۔