صدر اور وزیراعظم کی شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر آمد،اہلخانہ سے تعزیت

جمعہ 16 مئی 2025 20:30

صدر اور وزیراعظم کی شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر آمد،اہلخانہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)صدر مملکت آصف علی ذرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ دینے پر شہید سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔جمعہ کوصدر آصف علی ذرداری نے شہید سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر جا کر ان کے والد اور دیگر عزیزوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس موقع پر شہید کیلئے فاتحہ خوانی اور بلندی درجات کی دعا بھی کی۔صدر مملکت نے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ دینے پر شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف بھی وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیری اطلاعات عطا تارڑ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ہمراہ سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کیلئے گئے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور ان کے عزم اور فرض شناسی کو سراہا۔اس سے پہلے وزیراعظم شہبازشریف کامرہ ایئر بیس کا دورہ کیا وہاں شاہینوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور بھارتی طیارے تباہ کرنے والے پاک فضائیہ کے شاہینوں سے ملاقات کی۔انہوں نے ملاقات کے دوران شاہینوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی شاہینوں نے جس طرح 3 رافیل طیارے گرائے، مودی اسے قیامت تک یاد رکھے گا۔