مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کی جانب سے یوم تشکر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

جمعہ 16 مئی 2025 21:11

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کی جانب سے یوم تشکر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہران یونیورسٹی کے رجسٹرار لچھمن داس سوٹہڑ نے کہا کہ حکمت عملی اور سفارتکاری کے میدان میں بھی پاکستان نے دشمن کو شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں انسانی تاریخ میں ہمیشہ انسانوں کے لیے نقصان دہ رہی ہیں، دشمن نے جارحیت کی اور پاک فوج کے جوانوں نے اس کا بھرپور دفاع کیا اور مؤثر جواب دیا، اپنے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان سے محبت کے اظہار کے لیے یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔

ٹیلی کمیونیکیشن شعبے کے چیئرمین ڈاکٹر فیصل کریم شیخ نے کہا کہ ہمیں فتح حاصل ہوئی ہے، اگر دشمن دوبارہ آیا تو اسے جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

فیصل کریم شیخ نے کہا کہ بھارت کو پاک فوج کے جوانوں نے اپنی اصلیت یاد دلا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو سبق سکھایا ہے۔ ایڈمیشن شعبے کے ڈائریکٹر سلیم صدیقی نے کہا کہ جوانوں نے ہمیں محفوظ بنایا، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے پاک فوج نے مہارت کے ساتھ جنگ لڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے اور پاکستان کے اثاثے بھی محفوظ ہیں۔ ڈائریکٹر پلاننگ مہران یونیورسٹی امداد علی بگھیو اور دیگر افراد نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں مہران یونیورسٹی کے طلبہ، افسران، اساتذہ اور ملازمین نے شرکت کی۔