Live Updates

سردارعتیق احمدکی آپریشن بنیانِ مرصوص کی تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد

مسلح افواج پاکستان کو خراج تحسین ،شہدائے وطن کو سلام پیش کرتے ہیں، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 16 مئی 2025 21:26

مظفرآباد/دھیرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ آپریشن بنیانِ مرصوص کی تاریخی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مسلح افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیںشہدائے وطن کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی بے مثال قربانیوں کی بدولت معرکہ حق میں فتح نصیب ہوئی۔

کشمیر کا بچہ بچہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہے۔ پاکستان کی فوجی کامیابی کی طرح مسئلہ کشمیر کے حل بھی کسی وقت قریب آجائے گا۔ ہم مسلح افواج پاکستان کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری کشمیری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے آپریشن بنیانِ مرصوص کی تاریخی کامیابی پر یومِ تشکر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی رات کے اندھیرے میں حملہ کیا لیکن پاکستان کے بہادر سپوتوں نے دشمن کو عبرتناک سبق سکھا کر شکست فاش دی، طاقت کے گھمنڈ میں مست دشمن چند گھنٹے بعد ہی میدان چھوڑ کر بھاگ گیا۔ پاکستان کے شاہینوں نے 6 بھارتی طیاروں کو خاک کی دھول چٹا کر فضائی جنگ میں نئی تاریخ رقم کی، پاکستان کی جری مسلح افواج نے دشمن کو اینٹ کا جواب پتھر سے دے کر عظیم کامیابی کا سنہرا باب رقم کیا۔

یہ افواج پاکستان کے ساتھ خوددار اور باوقار پاکستانی قوم کی فتح ہے، جس پر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیف آف ایئر سٹاف ظہیر بابر اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، تینوں سروسز چیفس کی دانشمندانہ اور جراتمندانہ قیادت میں بہادر سپوتوں نے دشمن کے مذموم عزائم کوخاک میں ملایا۔

بہادر افواج نے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، اللہ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے ۔ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا مردانہ وار جواب دیا، شہدا کی قربانیوں کو قوم کبھی نہیں بھولے گی، ملکی دفاع کے لیے پوری قوم یکجہتی کی علامت بنی رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے ثابت کیا کہ حوصلے دشمن کو شکست دے سکتے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اختلافات سے بالا تر ہوکر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

دریں اثناء راجہ مصطفی آزادنے دھیرکوٹ میں مسلم کانفرنس میں شمولیت کااعلان کیا اورصدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان دھیرکوٹ میں راجہ مصطفی آزاد کو مسلم کانفرنس میں شمولیت پر ہار پہنا ئے۔ میجر سردارنصراللہ خان،چیئرمین یوتھ سردار عثمان علی خان، سردار عرفان عباسی، راجہ منیر خان، چیئرمین سردار عبدالواحد خان، راجہ مشتاق خان،ن قاری راجہ سکندر حیات، سردار خورشید عباسی،راجہ شہباز خان راجہ بابر معظم اور دیگر کارکنان بھی اس موقع پر موجودتھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات