کشمیریوں کی مشکلات کے خاتمے کیلئے تنازعہ کشمیری کا فوری اور دیر پاحل ضروری ہے، میر واعظ

جمعہ 16 مئی 2025 21:28

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے کشمیری عوام شدید مسائل ومشکلات سے دوچار ہیں اور وہ اس مسئلے کے فوری اور دیرپا حل کے خواہاں ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ مسئلہ کشمیر نے حال ہی میں دو ایٹمی طاقتوں کو ایک اور جنگ کی طرف دھکیلا اور قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اس لڑائی کیوجہ سے کنٹرول لائن کے قریب رہنے والے لوگ بھی شدید متاثر اور گھر بار تباہ ہوئے ۔ میر واعظ نے پاکستان او ربھارت پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی پر مستقل طور پر عمل پیرا رہتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کریں تاکہ نہ صرف کشمیریوں کی مشکلا ت ختم ہوں بلکہ یہ پورا خطہ پائیدار امن وترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔میرواعظ نے کہا کہ دنیا کی نظروں میں بھی کشمیر ایک ایٹمی فلیش پوائنٹ ہے ، جموں وکشمیر کے عوام اس مسئلے کا حل چاہتے ہیں ۔ا نہوںنے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی جنگ بندی مستقل مشکل اختیار کر ے گی اور دونوں تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کریں گے۔