وطن کے بہادر سپوتوں کی بدولت پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے ،وزیراعلیٰ بلوچستان /کورکمانڈر بلوچستان کاشہدا ء کے اہل خانہ سے ملاقات

جمعہ 16 مئی 2025 19:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی اور کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کہاہے کہ وطن کے بہادر سپوتوں کی بدولت پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے ،لیفٹیننٹ صفی اللہ شہید اور"میجر احمر رضا شہید کی قربانیاں سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو یوم تشکر کے موقع پر شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

یوم تشکر کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے وزیرِ اعلی بلوچستان میرسرفرازبگٹی اورکمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کوئٹہ میں لیفٹیننٹ صفی اللہ شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا، وزیرِ اعلی بلوچستان نے کہا کہ ایسے بہادر سپوتوں کی بدولت وطن محفوظ ہاتھوں میں ہے، مادرِ وطن کے لیے لیفٹیننٹ صفی اللہ شہید کی قربانی ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی، لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کہا کہ لیفٹیننٹ صفی اللہ شہید کی جرات اور بہادری کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں لیفٹیننٹ صفی اللہ شہید کی قربانی سنہری حروف میں لکھی جائے گی، بعدازاں وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی اور کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان میجر احمر رضا شہید کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کی اور تعزیت کی ۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعلی بلوچستان نے کہا کہ میجر احمر رضا شہید جیسے سپوت ہی وطن کی اصل طاقت ہیں ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کہا کہ میجر احمر رضا شہید کی جرات و بہادری پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، میجر احمر رضا شہید کی قربانی بھی سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔