Live Updates

+معرکہ حق و یوم تشکر کی مناسبت سے حلقہ این اے 127میں ساجدہ فاروق تارڑ کی شہید کی قبر پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی

شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور ان کے اہلِ خانہ کو عزت دینا ہماری قومی و دینی ذمہ داری ہے۔ ساجدہ فاروق تارڑ

جمعہ 16 مئی 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2025ء) معرکہٴ حق اور یومِ تشکر کے موقع پر جمعہ کے روز حلقہ این ا ے 127 میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی والدہ محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ نے پاک بھارت جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے عظیم سپوت علی حیدر کی قبر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ڈاکٹر سعود کوآرڈینیٹر ٹو وزیر اطلاعات و نشریات، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ، ایس پی ماڈل ٹاؤن اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور قومی پرچم کے سائے تلے اٴْن کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر جان قربان کرنے والے جوان ہمارے ہیرو ہیں۔

(جاری ہے)

آج ہم جس آزادی کی فضا میں سانس لے رہے ہیں، یہ انہی شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنا اور ان کے اہلِ خانہ کو عزت دینا ہماری قومی و دینی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن اور ایس پی ماڈل ٹاؤن نے بھی شہید کی قربانی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی بقاء و سلامتی شہداء کے لہو کی مقروض ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اجتماعی دعا کی اور عزم کیا کہ وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات