Live Updates

50سال بعد کاٹن سیڈ کی امپورٹ پرپابندی ختم ہونا خوش آئند ہے،زین افتخار، شہزاد ملک

جمعہ 16 مئی 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چیئرمین زین افتخار چوہدری اورپاکستان آئی ٹیک ہائیبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین و ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبر شہزاد علی ملک نے کہاہے کہ کاٹن صرف ہماری فصل ہی نہیں، ہماری اکانومی کی ریڑھ کی ہڈی ہے،کاٹن سیڈ امپورٹ کی اجازت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بہتری کی جانب پہلا قدم ہے،ایف پی سی سی آئی حکومت سے مل کر کاٹن کی بہتری کے لئے اقدامات جاری رکھے گی۔

ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 50سال کے بعد کاٹن سیڈ کی امپورٹ پرپابندی ختم ہونا خوش آئند ہے،یہ پابندی 1976میں لگائی گی تھی،اب ہمیں کاٹن سیڈ میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے 07مارچ 2025کو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور ان کے سامنے ہائیبرڈ کاٹن کی امپورٹ پرپا بندی کا مسئلہ اٹھایا تھا،کاٹن سیڈ کی امپورٹ ختم کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وہ پنجاب سپیڈ سے اب پاکستان سپیڈ بن چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ 2014میں کاٹن کی پیداوار 14ملین بیلز تھی جو اس وقت 5.5ملین بیلز ہو گئی ہیں،800جننگ اور120ٹیکسٹائل بند ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے سالانہ 2سے3ارب ڈالر کی کاٹن امپورٹ ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مکئی اور چاول کے ہائیبرڈ سیڈ کی اجازت دی گئی جس کی وجہ سے چاول کی فی ایکٹر پیداوار 120من تک آئی ہے،اب کاٹن کے ہائیبرڈ سیڈ کی اجازت ملی ہے، جس سے جلد کاٹن کے سیکٹر میں بھی انقلاب برپا ہو گا۔پریس کانفرنس سے چیئرمین اپٹما کامران ارشد ،پاکستان آئی ٹیک ہائیبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن سے سجاد ملک اور پاکستان کسان اتحاد کونسل کے صدر خالد محمود کھوکھر نے بھی خطاب کیا ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات