Live Updates

عرب ممالک کی سطح پر غزہ کی تعمیر نو کے لیے قرار داد پر اتفاق ہے ، مصر

غزہ میں جاری منظم قتل و غارت گری کو روکنا مصر کی ترجیحات میں شامل ہے،وزیرخارجہ عبدالعاطی

ہفتہ 17 مئی 2025 11:37

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)مصری وزیر خارجہ بدر عبد العاطی نے کہا ہے کہ بغداد میں ہونے والے وزرائے خارجہ کے ابتدائی اجلاس میں آئندہ عرب سربراہی کانفرنس کے ایجنڈے پر اتفاقِ رائے ہوا، جن میں سرفہرست غزہ کی تعمیرِ نو سے متعلق قرار داد ہے۔انہوں نے عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہاکہ غزہ میں جاری منظم قتل و غارت گری کو روکنا مصر کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محصور علاقے میں بھوک اور قحط کی صورتِ حال کے پیش نظر امداد کی فوری رسائی نہایت ضروری ہے۔وزیر خارجہ کے مطابق مصر، قطر اور امریکہ کی مشترکہ کوششوں سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے ثالثی کا عمل جاری ہے۔مصری وزیر خارجہ نے بتایا کہ وزارتی اجلاس میں سوڈان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک قرار داد پیش کرنے پر اتفاق ہوا۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایک اور قرار داد منظور کی گئی جس میں دریائے نیل سے متعلق مصر کے اہم قومی مفاد پر عرب دنیا کی طرف سے یکجہتی کا اعادہ کیا گیا۔

انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مصر کے تاریخی آبی حقوق کو تسلیم کیا جانا ایک سیاسی حمایت کا پیغام ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب قاہرہ، ایتھوپیا کے سد النہضہ کے بھرا اور اس کی سرگرمیوں سے متعلق ایک قانونی و پابند معاہدے کا مطالبہ کر رہا ہے۔عبد العاطی نے وضاحت کی کہ اجلاس میں یمن میں آئینی حکومت کی حمایت اور بین الاقوامی جہاز رانی کے تحفظ سے متعلق ایک قرار داد پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں امریکہ کی وساطت سے اگر جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا تو اس کے بحیرہ احمر میں سمندری آمد و رفت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات