Live Updates

عدالت نے علیمہ خان کی بیرون ملک جانے اور حاضری سے استثنا کی درخواست خارج کر دی

انسداد دہشتگردی عدالت کے امجد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کی بیرون ملک جانے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 17 مئی 2025 14:50

عدالت نے علیمہ خان کی بیرون ملک جانے اور حاضری سے استثنا کی درخواست ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 مئی 2025)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کی حاضری سے استثنا اور بیرون ملک جانے کی درخواست خارج کردی،عدالت نے علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا،انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن کی جانب سے مقدمات میں حاضری سے استثنا اور بیرون ملک جانے کی درخواست پر سماعت کی۔

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ اپنے وکلاءکے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں ۔سماعت کے دوران علیمہ خان کی جانب سے ان کے وکلا فیصل ملک اور علی بخاری نے دلائل دئیے ۔وکیل صفائی نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست گزار کا نام پرووڑنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ سے نکالنے کا حکم جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار صرف 3 ہفتوں کیلئے حاضری سے استثنیٰ چاہتی ہیں۔

انڈر ٹیکنگ دینے کیلئے بھی تیار ہیں۔ درخواست گزار مقررہ وقت میں عدالت سے رجوع کریں گی۔ ٹرائل شروع ہی نہیں ہوا درخواست گزار کی ذاتی پیشی ضروری نہیں۔اس موقع پر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے درخواست کی مخالفت میں دلائل دئیے۔انہوں نے عدالت سے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے متعلق درخواست خارج کرنے کی استدعا کی۔ پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ نوبل کاز پر پراسیکیوشن کا کوئی اعتراض نہیں۔

ملزمہ جس مقدمے میں ریلیف چاہتی ہیں اسی مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ فنڈ ریزنگ جاری ہے اس میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کوئی کردار نہیں ہے۔ملزمہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست 21 مئی کےلئے مقرر ہے۔راولپنڈی میں ملزمہ کے خلاف 11 اور مقدمات درج ہیں۔

ملزمہ کے خلاف راولپنڈی میں درج کسی مقدمے میں ضمانت نہیں ہوئی ہے۔ٹرائل اور ضمانت کی کارروائی میں استثنیٰ دو مختلف باتیں ہیں۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست میں استثنیٰ بنتا ہی نہیں۔ ضمانت قبل از گرفتاری کے کیس میں ملزمہ کی ذاتی پیشی ضروری ہے۔سوائے میڈیکل گراو¿نڈ کے ملزم کو استثنیٰ کسی صورت نہیں مل سکتا، درخواست گزار کا فنڈ ریزنگ میں اضافی کردار ہے بنیادی کردار نہیں۔

لہٰذا درخواست مسترد کی جائے ۔بعدازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جسے بعد ازاں سناتے ہوئے انسداد دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کی حاضری سے استثنا اور بیرون ملک جانے کی درخواست خارج کردی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے بیرون ملک جانے کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ علیمہ خانم نے بیرون ملک جانے کیلئے انسداد دہشتگردی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روزبیرون ملک فنڈ ریزنگ کیلئے جانا تھا۔عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ شوکت خانم ہسپتال اور نمل کیلئے فنڈ ریزنگ تقریبات میں شرکت کرنی تھی۔ لہٰذا دو ہفتوں کیلئے برطانیہ جانے کی اجازت دی جائے۔علیمہ خانم نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ رفاعی ادارے نمل یونیورسٹی کی گورننگ بورڈ کی ممبر ہوں۔ بیرون ملک عطیات اکٹھے کرنے جانا تھا۔بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے عدالت سے 3 جون 2025 تک بیرون ملک جانے کی درخواست کی تھی۔بعدازاں عدالت نے پراسیکیوشن ٹیم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل 17 مئی تک کیلئے ملتوی کردی تھی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات