Live Updates

آپریشن "بنیان مرصوص" نے نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا بلکہ قوم میں ایک نیا جذبہ اور اتحاد پیدا کیا،مفتی ابراہیم قادری

ہفتہ 17 مئی 2025 18:08

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء) آپریشن (بنیان المرصوص) کی کامیابی اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے پر سکھر کے ممتاز علمائے کرام جانشین مفتی اعظم مفتی محمد ابراہیم قادری ، مفتی ابراہیم قادری، مولانا محبوب سہتو، قاری جمیل بندھانی، مفتی سعود افضل ہالیجوی، شکیل احمد، خطیب اللہ اور دیگر مذہبی رہنماؤں نے سکھر پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ملک کے دفاع کے لیے اتحاد و یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن "بنیان مرصوص" نے نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا بلکہ قوم میں ایک نیا جذبہ اور اتحاد پیدا کیا۔

علمائے کرام نے کہا کہ پاکستان کے مسلمان ہمیشہ سے اپنے وطن کے دفاع میں پیش پیش رہے ہیں اور ہر نازک گھڑی میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے پاک فوج کی جرات و بہادری پر فخر محسوس کیا اور دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند ہوا۔قاری جمیل بندھانی نے کہا کہ جب بھی وطن عزیز کو خطرات لاحق ہوئے، تمام مکاتب فکر کے لوگ متحد ہو کر افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں آپریشن "بنیان مرصوص" ایک مثالی کارروائی ثابت ہوا، جس میں دشمن کو صبح کے وقت سنتِ نبوی کے مطابق مؤثر جواب دیا گیا، پریس کانفرنس کندہ علماء کرام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت جن اہم چیلنجز کا سامنا ہے، ان میں سرِفہرست حالیہ پاک بھارت کشیدگی ہے۔ بھارت نے بزدلانہ طور پر لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا آغاز کیا، لیکن پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اس کے رافیل طیارے مار گرائے اور متعدد چیک پوسٹیں تباہ کیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔مفتی سعود افضل ہالیجوی نے کہا کہ ہمیں اپنے دوستوں اور دشمنوں کی پہچان رکھنی ہوگی۔ اسرائیل پاکستان کا کھلا دشمن ہے، اور ہمیں اس کے عزائم سے خبردار رہنا ہوگاعلماء کرام کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کے لیے قوم کی دعا، حمایت اور یکجہتی ہمیشہ قائم رہے گی ، علماء کرام کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے مساجد اور مذہبی مقامات کو نشانہ بنا کر مسلمانوں کو مشتعل کرنے کی سازش کی گئی لیکن علمائے کرام نے صبر و حکمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے منفی پروپیگنڈے کو ناکام بنایا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سرخرو کیا، اور قوم نے اس کامیابی پر یومِ تشکر منایا، شکرانے کے نوافل ادا کیے، قرآن خوانی کی گئی اور ملک کے چپے چپے پر دعائیں مانگی گئیں۔

اتحاد و یکجہتی ہی کامیابی کی کنجی ہے پریس کانفرنس کے اختتام پر تمام علمائے کرام نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے مسلمان ہمیشہ اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کے ساتھ وطن عزیز کا دفاع کرتے رہیں گے اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے میں بھرپور کردار ادا کرینگے ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات