سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب انسانی حقوق کے چیلنجز کا جائزہ لینے کے لیے سیمینار کا انعقاد

ہفتہ 17 مئی 2025 18:08

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)سندھ ہیومن رائٹس کمیشن (ایس ایچ آر سی) کی جانب سے چیئرپرسن اقبال احمد ڈیتھو اور جوڈیشل ممبر میر صفدر تالپور کی صدارت میں سکھر میں ضلع کے انسانی حقوق کے چیلنجز کا جائزہ لینے اور ان پر بات چیت کے لیے ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں 45 شرکاء نے شرکت کی، جن میں سول سوسائٹی کے ارکان، مذہبی اقلیتیں، انسانی حقوق کے کارکنان اور میڈیا نمائندوں سمیت مختلف کمیونٹیز کے افراد شامل تھے۔

سیمینار کے شرکاء نے ضلع کے پسماندہ اور کمزور طبقات کو درپیش سنگین مسائل کی نشاندہی کی۔ اس موقع پر چیئرپرسن ایس ایچ آر سی اقبال احمد ڈیتھو نے کمیشن کی قانونی دائرہ کار اور آئینی ذمہ داریوں کے تحت ان مسائل کو حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایس ایچ آر سی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی، جن میں ہسپتالوں اور اسکولوں کے باقاعدہ دورے، عوامی شکایات کے تدارک کے طریقہ کار، خواتین اور بچوں کے لیے پولیس اسٹیشنز کے قیام کے لیے کردار، بزرگوں کے لیے اولڈ ایج ہوم، نابالغ مجرموں کے لیے ریمانڈ ہوم کے قیام، اور خواتین کاشتکاروں اور بچوں و خواتین کے تحفظ کے قوانین پر عملدرآمد کے لیے حکومتی اداروں کو پالیسی سفارشات شامل ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کوششوں سے سکھر ضلع کے عوام کے لیے واضح اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ مباحثے کے دوران شرکاء نے صنفی بنیاد پر تشدد، بچوں کی شادی، خواتین اور اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک، اسکولوں کی غیر فعالی اور ہسپتالوں میں ادویات کی قلت جیسے سنگین مسائل پر روشنی ڈالی جبکہ دیگر تشویشات میں پولیس کی بدسلوکی، غیرقانونی حراست، چائلڈ لیبر، بانڈڈ لیبر کے مسائل، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی کی کمی، ماحولیاتی تباہی، خواتین کو وراثت اور دستاویزات کے حقوق سے محرومی، اور غیرقانونی جرگہ نظام شامل تھے جو رسمی انصاف کے نظام کو کمزور کرتا ہے۔

سیمینار میں ان چیلنجز کو نظامی قرار دیا گیا، جو سماجی و ثقافتی روایات، ادارہ جاتی کمزوریوں اور قانونی نفاذ میں خلا کی وجہ سے موجود ہیں۔ اس موقع پر جوڈیشل ممبر میر صفدر تالپور نے سیمینار میں کمیونٹی کی شرکت کی حوصلہ افزائی کی اور ایس ایچ آر سی کی جانب سے مسلسل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کمیشن کے کردار کی تصدیق کی، جو خلاف ورزیوں کی نگرانی، قانونی امداد فراہم کرنے اور قانونی طریقوں سے جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ سیمینار کا اختتام یکجہتی کے مضبوط پیغام اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے منصفانہ، جامع اور حقوق پر مبنی معاشرے کی تعمیر کے مشترکہ وژن پر ہوا۔