Live Updates

راولپنڈی پریس کلب میں "یکجہتی پاکستان و سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس" کا انعقاد

ہفتہ 17 مئی 2025 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) راولپنڈی پریس کلب میں یکجہتی پاکستان و سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس" کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس میں نوجوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ گل، آر آئی یو جے کے صدر طارق ورک، سردار آفتاب، سردار زاہد سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

تقریب کی صدارت پیر حافظ اقبال قریشی نقشبندی نے کی جنہوں نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں قوم کو قرآن و سنت سے وابستہ رہنے اور ملی اتحاد کو فروغ دینے پر زور دیا۔ پیر حافظ اقبال قریشی نے کہا کہ پاکستان کا وجود میں آنا کسی معجزے سے کم نہیں، یہ سرزمین مجدد الف ثانی، سرسید احمد خان اور مولانا الیاس جیسے مجددین کی علمی و روحانی وراثت کی امین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کی نظریں آج پاکستان کے ایٹمی اثاثوں پر ہیں مگر ہمیں فخر ہے کہ ہماری مسلح افواج قرآن سے جڑی ہوئی ہیں اور انہوں نے "آپریشن بنیان مرصوص" میں کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپہ سالار نے آیتِ قرآنی کے ساتھ بنیان مرصوص کا آغاز کیا جو اس بات کی دلیل ہے کہ ہماری فوج دینی اقدار کی امین ہے۔

تقریب میں افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور ملک کی سالمیت، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ کانفرنس کا مقصد قوم میں اتحاد، دینی شعور اور حب الوطنی کو فروغ دینا تھا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے دفاع، نظریاتی سرحدوں اور دینی اقدار کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات