عتیقہ اوڈھو کے محبت کے سفیر بیان پر مشی خان اور رابعہ کلثوم کا سخت ردعمل

عتیقہ اوڈھو نے کہا تھا کہ فنکاروں کا مقصد جنگ یا تنازع میں فریق بننا نہیں بلکہ امن و محبت کو فروغ دینا ہوتا ہے

ہفتہ 17 مئی 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو کے حالیہ بیان پر ساتھی اداکاراں مشی خان اور رابعہ کلثوم کا ردعمل سامنے آگیا۔عتیقہ اوڈھو نے ایک حالیہ پروگرام میں پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے فنکاروں کو "محبت کے سفیر" قرار دیا تھا جس پر شوبز حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

عتیقہ اوڈھو نے کہا تھا کہ فنکاروں کا مقصد جنگ یا تنازع میں فریق بننا نہیں بلکہ امن و محبت کو فروغ دینا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہم محبت کے سفیر ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے مابین جاری کشیدگی کے تناظر میں دونوں ممالک کے فنکاروں سے نفرت انگیز بیانات سے گریز کی اپیل بھی کی۔

(جاری ہے)

سینئر اداکار کے اس بیان پر اداکارہ رابعہ کلثوم نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے فنکار جو اپنے ملک کے لیے آواز نہیں اٹھا سکتے، ان کے لیے "سافٹ امیج" محض ایک بہانہ ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ فنکاروں پر اپنے وطن کے لیے بولنے کی زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔اداکارہ مشی خان نے بھی عتیقہ اوڈھو کے بیان پر ان پر تنقید کرتے ہوئے اسے "غیر سنجیدہ" قرار دیا۔ مشی کا کہنا تھا کہ جنگی حالات میں خاموشی ناقابل قبول ہے اور فنکاروں کو اپنے وطن کے لیے کھل کر بولنا چاہیے۔دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے بھی عتیقہ اوڈھو کے مقف کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے ان پر تنقید کی ہے۔