Live Updates

پاکستان ایک نئی اڑان بھرنے کو تیار ہے‘احسن افضل کھوکھر

پائیدار ترقی کیلئے ملک میں امن و استحکام کی فضاء پیدا کرنی ہوگی‘ رہنما مسلم لیگ (ن)

اتوار 18 مئی 2025 10:50

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ملک احسن افضل کھوکھر نے کہا ہے کہ (ن) لیگ نے اپنی سیاست دائو پر لگا کر ملک کو دوبارہ مستحکم کیا ہے ،ملک اب ایک نئی اڑان بھرنے کو تیار ہے ،پائیدار ترقی کے لئے ہمیں اپنے ملک میں امن و استحکام کی فضاء پیدا کرنی ہوگی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 1947میں مملکت خداداد پاکستان بہت سی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا لیکن آج یہ سوال ہر کسی کے ذہن میں پیدا ہوتا ہے کہ 78سال گزرنے کے باوجود اور جاپان سمجھا جانے والا پاکستان آج ترقی کی دوڑ میں پیچھے کیوں رہ گیا ہے،یہ وجہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ یہ ممالک آگے کیوں چلے گئے اور پاکستان پیچھے کیوں رہ گیا حالانکہ پاکستانیوں کے بارے میں مشہور ہے کہ ہم زیادہ ذہین ہیں ۔

(جاری ہے)

ملک احسن افضل کھوکھر نے کہا کہ تمام مصائب کے باوجود آج پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت ہے ،ہم جو سائیکل نہیں بنا سکتے تھے آج جے ایف 17تھنڈر جیسے جدید جنگی طیارے بنا رہے ہیں، جو ہماری مہارت اور کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ صحت، زراعت، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ڈیفالٹ ہوتے ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا اور اب پاکستان ایک نئی اڑان بھرنے کو تیار ہے، اڑان پاکستان کا منصوبہ پاکستان کو پائیدار ترقی کی طرف لے جانے کیلئے شروع کیا ہے اس کیلئے ہمیں اپنے ملک میں امن و استحکام کی فضا کو پیدا کرنی ہوگی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات