Live Updates

ہفتہ شہادت کے تحت جامع مسجد سرینگر میں تلاوت قرآن کا مقابلہ

دور دراز کے علاقوں سمیت کشمیر بھر سے 30سے زائد سرکردہ مدارس نے تقریب میں حصہ لیا

پیر 19 مئی 2025 14:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں میرواعظ مولوی محمد فاروق کی 35ویں برسی کے سلسلے میںجاری ’’ہفتہ شہادت ‘‘ کے تحت انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے ایک روزہ خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا جس میں قرآن خوانی، تلاوت قرآن کا مقابلہ اوردعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ مولوی محمدفاروق کو نامعلوم حملہ آوروں نی21مئی 1990کونگین سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر شہیدکیا تھا۔

دور دراز کے علاقوں سمیت کشمیر بھر سے 30سے زائد سرکردہ مدارس نے تقریب میں حصہ لیاجس میں درجنوں نوجوان قاریوں نے علمائے کرام، ائمہ مساجد اور عوامی نمائندوں کے ایک بڑے مجمعے کے سامنے اپنی قرات کی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

پروگرام کی صدارت انجمن اوقاف کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کی جنہوں نے اپنے خطاب میں اپنے شہید والد اور پیش رو کو خراج عقیدت پیش کیا۔

میرواعظ نے کہا کہ اس تقریب کا انعقاد نہ صرف شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بلکہ نوجوان نسل میں قرآن اور اس کی تعلیمات سے گہرا لگا ئوپیدا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔میرواعظ نے شرکت کرنے والے اداروں اور علما ئے کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ اجتماع ہمارے نوجوانوں کو کلام اللہ سے جڑے رہنے اور اس کی رہنمائی کے مطابق زندگی گزارنے کی ترغیب دینے کی ایک عاجزانہ کوشش ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات