Live Updates

وزیر ریلوے کی جرمن سفیر الفریڈ گراناز سے ملاقات، دوطرفہ تعلقا ت پر گفتگو

وزیر ریلوے کا جرمنی کے تجربات اور ماہرین کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کے عزم کا اظہار

پیر 19 مئی 2025 17:18

وزیر ریلوے کی جرمن سفیر الفریڈ گراناز سے ملاقات، دوطرفہ تعلقا ت پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان میں جرمن سفیر محترم الفریڈ گراناز سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے مابین سفارتی، اقتصادی اور صنعتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران خاص طور پر پاکستان ریلوے کے نظام کی جدید کاری اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے بات چیت کی گئی تاکہ ملکی ریلوے نظام کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے مطابق بہتر بنایا جا سکے۔

وزیر ریلوے نے جرمنی کے تجربات اور ماہرین کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کو نہ صرف بہتر انفراسٹرکچر بلکہ جدید تکنیکی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ عوام کو محفوظ، تیز اور معیاری سفری سہولتیں میسر آ سکیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں دونوں ممالک نے ریلوے سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے، انفراسٹرکچر کی ترقی اور صنعتی شراکت داری کے مواقع پر بات چیت کی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے مستقبل میں مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کے امکانات پر غور کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہیے تاکہ دونوں ممالک کی معیشتوں اور عوام کو فائدہ پہنچے۔وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے جرمن سفیر کو گولڑہ اسٹیشن کے تاریخی میوزیم کے دورے کی دعوت دی، جو پاکستان کے ریلوے ورثے کی حفاظت اور فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

سفیر نے اس دعوت کو پذیرائی دیتے ہوئے کہا کہ جرمنی اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا اور مستقبل میں مزید مشترکہ سرگرمیوں کی امید ظاہر کی۔یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، صنعتی، ثقافتی اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے اور اس سے پاکستان ریلوے کے نظام کی بہتری اور دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات