Live Updates

حکومت کا عالمی سطح پر مختلف ممالک میں سفارتی وفود بھجوانا اچھا اقدام ہے

وزیراعظم چین، ایران، ترکی، سعودی عرب خود جائیں، سفارتی محاذ پر قومی حکمتِ عملی کیلئے فوری طور پر اےپی سی بلائیں اور سیاسی، سفارتی داخلی استحکام کیلئے اتفاقِ رائے کو طاقت بنائیں۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 19 مئی 2025 19:54

حکومت کا عالمی سطح پر مختلف ممالک میں سفارتی وفود بھجوانا اچھا اقدام ..
لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 19 مئی 2025ء ) نائب امیر جماعت اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی کال پر مالاکنڈ، ہزارہ کے عوام نے بھارت اسرائیل مُردہ باد ریلی میں تاریخ ساز شرکت کی اور عوام کے جوش و جذبہ، حُبِّ دین، حُبِّ وطن کے جذبوں نے پروگرامات کو فقیدالمثال بنا دیا، خیبرپختونخوا شمالی کے امیر، سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان اور ہزارہ (خیبرپختونخوا) کے امیر عبدالرزاق عباسی کے ساتھ پوری ٹیم نے انتھک محنت کا حق ادا کردیا۔

جماعتِ اسلامی انشاء اللہ ملک و مِلّت کو بحرانوں سے نجات دلائے گی اور ملک میں آئین کے نفاذ، عدل و انصاف کی آزادی، قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم، وفاق اور صوبوں کے درمیان آئینی ذمہ داریوں کا بہترین نظام لانے میں کامیاب ہوگی۔

(جاری ہے)

جماعتِ اسلامی ہی ریاستی نظام کی اصلاح اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بہترین آپشن ہے۔

لیاقت بلوچ نے اوکاڑہ میں امیرِ ضلع رضوان چوہدری کے والد کے انتقال پر تعزیت، دُعائے مغفرت کی اور اس موقع پر میڈیا کانفرنس سے خطاب کیا۔

ناظم مرکزی مالیات نذیر احمد جنجوعہ اور مقامی قائدین بھی موجود تھے اور منصورہ میں عوام اور وکلاء کے وفد اور امیرِ جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری کی قیادت میں ذمہ داران کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر و فلسطین کے لیے پاکستان کے 25 کروڑ عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہیں۔ بھارتی جارحیت کے مقابلہ میں افواجِ پاکستان کی کامیابی نے کشمیر و فلسطین کے عوام میں پاکستان سے توقعات میں بیپناہ اضافہ کیا ہے۔

فلسطین میں جاری ظلم بند کرنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انڈین فاشزم روکنے کے لیے پاکستان کو سیاسی، سفارتی، عسکری اور سماجی محاذوں پر پائیدار، طویل المیعاد اور جاندار پالیسی بنانا ہوگی۔ عالمی سطح پر مختلف ممالک میں سفارتی وفود بھجوانا اچھا اقدام ہے۔ وزیراعظم چین، ایران، ترکی، سعودی عرب خود جائیں اور خطے کی موجودہ صورتِ حال، باہمی تعاون کے حوالے سے برادر ملکوں کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں۔

سفارتی محاذ پر فعالیت کیساتھ ساتھ وزیراعظم متفقہ قومی حکمتِ عملی کے لیے فوری طور پر آل پارٹیز قومی کانفرنس بلائیں اور سیاسی، سفارتی اور داخلی استحکام کے لیے اتفاقِ رائے کو طاقت بنائیں۔
لیاقت بلوچ نے جماعتِ اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا ہدایت الرحمن، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالحق ہاشمی، ڈاکٹر عطاء الرحمن، زاھد اختر بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور بلوچستان کے حالات پر تبادلہ خیال ہوا۔

افواجِ پاکستان نے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی دلیری اور جرآتِ ایمانی سے حفاظت کی اور اپنا آئینی فرض ادا کیا، پوری قوم کے اندر اپنی بہادر افواج کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوا، بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے یہ بہت اہم موڑ ہے، بلوچستان کے عوام اپنا آئینی، جمہوری، معاشی حقوق چاہتے ہیں، بلوچستان میں بیرونی ملک دشمن عناصر ہماری اندرونی کمزوریوں کا فائدہ اُٹھاتے ہیں، اپنی عوام کیساتھ مل بیٹھ کر بنائی گئی حکمتِ عملی سے بلوچستان سمیت ملک بھر کو بحرانوں سے نجات دِلائی جاسکتی ہے، جماعتِ اسلامی بلوچستان میں عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے آئینی، سیاسی، جمہوری مزاحمت کی تحریک جاری رکھے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات