Live Updates

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جموں وکشمیر میں رائے شماری کا اپنا وعدہ پورا کرے،مقررین ریلی

پیر 19 مئی 2025 17:18

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) آزاد جموں وکشمیر میں ضلع جہلم ویلی کے مرکز ی قصبے ہٹیاں بالا میں کشمیری مہاجرین نے ایک ریلی نکالی جس میں تنازعہ کشمیرکے حل کیلئے مقبوضہ علاقے میں استصواب رائے کرانے کا مطالبہ کیاگیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی میں بڑی تعداد میں مہاجرین نے شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن میں اقوامِ متحدہ ، یورپی یونین اور عالمی برادر ی سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے اقدامات کریں۔

شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جبرواستبداد کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔ شرکاء ''جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے''،''بھارت سے لیں گے آزادی ''،'' ہے حق ہمارا آزادی'' جیسے نعرے لگا رہے تھے۔

(جاری ہے)

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ پاکستانی عوام اور مسلح افواج کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کشمیر کو دنیا کا فلیش پوائنٹ بنا دیا ۔

انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن ہوسکے ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیرکو سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام آزادی ، انصاف اور امن چاہتے ہیں جس کیلئے انہوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیاکہ وہ جموں وکشمیر میں رائے شماری کا اپنا وعدہ پورا کرے ۔ ریلی میں دیگر لوگوں کے علاوہ مہاجر رہنمائوں عزیر احمد غزالی ،عثمان علی ہاشم ، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر ،سید فیصل گیلانی ، قاری عبدالماجد کشمیری ، محمد صدیق قریشی ، گلزار احمد تانترے اوردیگر نے شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات