
غزہ میں امداد کی بحالی خوش آئند لیکن مقدار انتہائی ناکافی، ٹام فلیچر
یو این
منگل 20 مئی 2025
00:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 20 مئی 2025ء) امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی رابطہ کار ٹام فلیچر نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی بحال کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ محدود پیمانے پر بھیجی جانے والی یہ مدد 20 لاکھ سے زیادہ بھوکے لوگوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے انتہائی ناکافی ہو گی۔
ٹام فلیچر نے بتایا ہے کہ آج اقوام متحدہ کے نو امدادی ٹرکوں کو کیریم شالوم کے سرحدی راستے سے غزہ میں داخلے کی اجازت مل گئی ہے جو مدد لے کر آ رہے ہیں لیکن امداد کی یہ مقدار اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔
اقوام متحدہ اور اس کے شراکتی اداروں کو دوبارہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ امدادی کام کو موجودہ اور ثابت شدہ موثر طریقہ کار کے ذریعے سہولت دی جائے گی۔(جاری ہے)
انہوں نے اس یقین دہانی اور امدادی کارروائیوں کی اطلاع دینے اور اس طرح انہیں درپیش سلامتی کے خطرات میں کمی لانے کے اقدامات کے لیے رضامندی ظاہر کرنے پر اسرائیل کے حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اسرائیلی بمباری پر اظہار تشویش
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے غزہ پر فضائی اور زمینی حملوں میں سیکڑوں فلسطینیوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے جن میں بہت سی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ضرورت مند لوگوں کو بڑے پیمانے پر امداد کی فوری، محفوظ، بلارکاوٹ اور براہ راست فراہمی کے مطالبے کو دہرایا ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا کہ سیکرٹری جنرل نے ثالثوں کی جانب سے غزہ میں معاہدہ طے کرنے کے لیے جاری کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ وہ تواتر سے خبردار کرتے چلے آئے ہیں کہ متواتر تشدد اور تباہی سے شہریوں کی تکالیف میں اضافہ ہو گا اور بڑے پیمانے پر علاقائی تنازع بھڑکنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔
سیکرٹری جنرل نے غزہ کی آبادی کو جبراً کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کے کسی اقدام کو بھی سختی سے مسترد کیا ہے۔
امداد کی چوری روکنے کے موثر اقدامات
ٹام فلیچر نے کہا ہے کہ وہ یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ اقوام متحدہ کے ذریعے انہی لوگوں کو امداد فراہم کی جائے جنہیں اس کی اشد ضرورت ہے۔ امداد کے حماس یا غزہ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ لڑنے والے دیگر جنگجو گروہوں کے ہاتھ لگنے کے خدشات کو بھی کم سے کم رکھنے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے کارکن ہر طرح کی مشکلات کے باوجود اپنا کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے امدادی ساتھیوں کی جرات اور عزم کو بھی سراہا ہے۔اصولی اور عملی منصوبہ
ٹام فلیچر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے پاس زندگیوں کو تحفظ دینے کے لیے واضح، اصولی اور عملی منصوبہ موجود ہے جس کے تحت اسرائیل کے حکام کو شمال اور جنوب میں غزہ کی جانب کم از کم دو راستے کھولنا ہوں گے۔امداد کا محدود کوٹہ ختم کر کے اس کی آسان انداز میں اور تیزرفتار فراہمی یقینی بنانا ہو گی۔
امداد کی رسائی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہو گا اور جہاں امداد پہنچائی جانا ہو وہاں عسکری کارروائیاں عارضی طور پر روکنا ہوں گی۔اقوام متحدہ کی ٹیموں کو خوراک، پانی، صحت و صفائی اور پناہ کے سامان، طبی سہولیات، ایندھن اور کھانا بنانے کے لیے درکار گیس سمیت بنیادی ضرورت کی تمام اشیا ضرورت مند لوگوں کو پہنچانے کی اجازت دینا ہو گی۔
امدادی برادری کا عزم
انہوں نے کہا ہے کہ لوٹ مار کے واقعات میں کمی لانے کے لیے علاقے بھر میں بڑے پیمانے پر امداد کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے اور امدادی ٹیموں کو کئی راستے استعمال کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔
ٹام فلیچر نے واضح کیا ہے کہ اقوام متحدہ ہر جگہ تمام ضرورت مند لوگوں کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیوں کے لیے پرعزم اور تیار ہے۔ اگرچہ موجودہ حالات میں امداد کی تقسیم ایک مشکل کام ہو گا لیکن امدادی برادری ہر طرح کے موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے شہریوں کو جنگی کارروائیوں سے تحفظ دینے، جنگ بندی کی بحالی اور تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کے مطالبے کو بھی دہرایا ہے۔

مزید اہم خبریں
-
آئی سی سی: بے ضابطگیوں کی تحقیقات پر پراسیکیوٹر کریم خان نے رخصت لے لی
-
غزہ میں امداد کی بحالی خوش آئند لیکن مقدار انتہائی ناکافی، ٹام فلیچر
-
اسرائیل کا غزہ میں امداد کی ترسیل بحال کرنے کے لیے یو این سے رابطہ
-
اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وہ عزت بخشی جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی
-
اس وقت پاکستان میں 2 ہی لیڈرز ہیں
-
وباء کے دنوں میں ہیرو بن کر ابھرنے والوں کی عالمی رہنماؤں سے توقعات
-
عمران خان سے جیل میں اہم ملاقات کی خبر کا کوئی سرپیر نہیں
-
یہ لوگ جاہل ہیں، ان میں سیاسی شعور نہیں ہے
-
خیبرپختونخواہ میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 9 خوارج کو ہلاک کردیا گیا
-
کم عمری کی شادی پر پابندی کا بل واپس نہ لیا گیا تو سڑکوں پر آئیں گے
-
کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی ہوتی تو وفد کی آواز پاکستان کی آواز بن کر سامنے آتی
-
بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی کررہا اور پانی کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کررہا ہے
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.