اسلام آباد، پولیس کی کارروائی اغواء کئے گئے دو افراد بازیاب، متعدد وارداتوں میں ملوث 8 ملزمان گرفتار

خفیہ اطلاع پر تھانہ کرپا کی حدود میں ایک ڈیرے پر چھاپہ مارا گیا جہاں مغویوں کو رکھا گیا تھا، کارروائی کے دوران ڈیرے میں موجود ملزمان کی پولیس پارٹی پر شدید فائرنگ، بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث پولیس اہلکار محفوظ رہے

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 20 مئی 2025 12:30

اسلام آباد، پولیس کی کارروائی اغواء کئے گئے دو افراد بازیاب، متعدد ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 مئی 2025)اسلام آباد پولیس نے تھانہ کرپا کی حدود میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اغوا کئے گئے دو افراد کو بازیاب کرا لیا، کارروائی کے دوران پولیس نے اغواءاورسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث آٹھ ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا،مغویوں کو تھانہ کراچی کمپنی کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا اور انہیں کرپا کے علاقے میں واقع ایک ڈیرے پر رکھا گیا تھا۔

ترجمان پولیس کے مطابق مغویوں کی بازیابی کیلئے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمرہ جات اور انسانی ذرائع کا موثر استعمال کیا گیا۔ خفیہ اطلاع پر تھانہ کرپا کی حدود میں ایک ڈیرے پر چھاپہ مارا گیا جہاں مغویوں کو رکھا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران اغواءاور سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث آٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران ڈیرے میں موجود ملزمان نے پولیس پارٹی پر شدید فائرنگ کی تاہم بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث پولیس اہلکار محفوظ رہے۔پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے اور ان کے کریمنل ریکارڈ کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ایسے آپریشنز مزید تیز کئے جائیں گے۔ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے اس کامیاب کارروائی پر ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس ایک محنتی، پروفیشنل اور جدید وسائل سے لیس فورس ہے، جو عوام کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ڈی آئی جی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ شہر کو جرائم سے پاک رکھا جا سکے۔