وزیراعظم کا دہشت گردی کے متاثرین کو عالمی دن پر خراجِ تحسین

جمعرات 21 اگست 2025 19:34

وزیراعظم کا دہشت گردی کے متاثرین کو عالمی دن پر خراجِ تحسین
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2025ء)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے دہشت گردی کے شکار اور متاثرین کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جس کے شہریوں، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صفِ اول میں رہتے ہوئے اس دہشت گردی کی لعنت کو شکست دی۔

دہشت گردوں کے حملے پاکستانی قوم کے حوصلے کو کبھی توڑ نہیں سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی اور ملکی معیشت کو بھی بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔ آپریشن ضربِ عضب، ردالفساد اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے دہشت گردوں کو شکستِ فاش دی گئی۔وزیرِاعظم نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پاکستان کی جامع حکمتِ عملی کا عکاس ہے، جس میں شدت پسندی کے خاتمے اور قومی بیانیے کی مضبوطی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔انہوں نے شہدا اور متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد و یگانگت ہی پاکستان کے پرامن اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔