Live Updates

سفارتی سطح پر ساکھ بحالی کیلئے تشکیل بھارتی وفد اختلافات کا شکار، اراکین کی مودی حکومت پر شدید تنقید

وفد میں تمام جماعتوں کی نمائندگی کیوں نہیں؟ اپوزیشن جماعتوں کا سوال، متعدد سیاسی رہنماؤں نے وفد کا حصہ بننے سے انکار کردیا، مودی سرکار سفارتی کمیٹی سے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے؛ اپوزیشن رہنما سنجے راوت

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 مئی 2025 13:10

سفارتی سطح پر ساکھ بحالی کیلئے تشکیل بھارتی وفد اختلافات کا شکار، اراکین ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2025ء ) بھارت کی جانب سے سفارتی سطح پر ساکھ بحالی کیلئے تشکیل وفد اختلافات کا شکار ہوگیا، وفد کے اراکین نے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق معرکۂ حق اور آپریشن سندور میں ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارت سفارتی محاذ پربھی ناکام ہوچکا ہے، پاکستان سے سفارتی اور فوجی محاذ پر ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت کی سفارتی سطح پر ساکھ بحال کرنے کی ناکام کوشش جاری ہے۔

عالمی جریدے ٹیلی گراف نے رپورٹ کیا ہے کہ مودی نے سفارتی سطح پر ساکھ بحال کرنے کیلئے جو وفد تشکیل دیا وہی اختلافات کا شکار ہو چکا ہے، وفد کے اراکین نے مودی حکومت پر شدید تنقید کی ہے، اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سوال اٹھایا گیا ہے کہ وفد میں تمام جماعتوں کی نمائندگی کیوں نہیں؟ متعدد سیاسی رہنماؤں نے اس وفد کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے، اپوزیشن رہنما سنجے راوت کے مطابق مودی سرکار سفارتی کمیٹی سے بھی سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے، اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی جانب سے سفارتی وفد کے لیے بھیجے گئے نام بھی مودی سرکار نے مسترد کردیئے۔

(جاری ہے)

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ آپریشن سندور کی عبرتناک ناکامی کے بعد بھارتی کو سفارتی محاذ پر بھی منہ کی کھانی پڑی ہے، بھارت اپنی گرتی ساکھ دوبارہ بحال کرنے کے لیے وفود مختلف ممالک میں بھیج رہاہے جس کا اب کوئی فائدہ نہیں، بھارتی وفد میں روانگی سے قبل ہی اختلافات سے واضح ہو گیا ہے کہ بھارتی حکومت کا بیانیہ جھوٹا ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پریشان حکومت نے پاکستان سے جنگی محاذ پر شکست کے بعد 7 سفارتی وفد تشکیل دیا، جس کا مقصد دنیا بھر میں بھارت کے اہم شراکت دار ممالک کا دورہ کرکے انہیں آپریشن سندور پر بریفنگ دینا تھا، وفد میں کانگریس کے سینیئر لیڈر ششی تھرور، بی جے پی کے لوک سبھا ایم پی روی شنکر پرساد، جنتا دل یونائیٹڈ کے سنجے کمار جھا، بی جے پی ایم پی بائیجیانت پانڈا، ڈی ایم کے پارٹی کے کنیموزی کروناندھی، این سی پی کی سپریا سولے اور شیوسینا کے ایکناتھ شندے شامل ہیں۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات