Live Updates

کویت میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کویت کے امیر شیخ مشعل احمد الجابر الصباح کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں

M.Irfan Shafiq محمد عرفان شفیق منگل 20 مئی 2025 13:44

کویت میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کویت کے امیر شیخ ..
کویت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2025ء) کویت میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کویت کے امیر شیخ مشعل احمد الجابر الصباح کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ اس موقع پر سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال نے کویت کو امیر کو صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ کویت کے امیر نے کہا کہ کویت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کویت پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے گا۔ کویت خاص طور پہ غذائی پیداوار، زراعت اور تیل اور گیس کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ پاکستان کے کویت کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں اور ان میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

کویت میں نوے ہزار سے زائد پاکستانی رہتے ہیں اور مادر وطن کو سالانہ تقریبا ایک ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجتے ہیں جو کہ فی کس سمندرپار پاکستانیوں کے حساب سے پہلے نمبر پہ ہے۔ کویت پاکستان میں سرمایہ کاری کے لحاظ سے خلیجی ممالک میں دوسرے نمبر پہ ہے۔ گزشتہ نو ماہ میں کویت جانیوالی پاکستانی ایکسپورٹس میں پینتیس فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے اور حال ہی میں کویت نے پاکستانیوں کے لئے ویزا کی بہت سی کیٹگریز میں نرمی بھی کی ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات