Live Updates

اسلام آباد ایئرپورٹ پر سکیورٹی اہلکار کا بیٹیوں کے سامنے مسافر پر مبینہ تشدد

سعودی عرب جانے والا مسافر جاوید احمد اپنی فیملی کے ہمراہ ایئرپورٹ پر موجود تھا

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 مئی 2025 16:15

اسلام آباد ایئرپورٹ پر سکیورٹی اہلکار کا بیٹیوں کے سامنے مسافر پر مبینہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سکیورٹی اہلکار نے بیٹیوں کے سامنے مسافر کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک افسوسناک واقعہ ہیش آیا جہاں اے ایس ایف اہلکار کی جانب سے مسافر پر مبینہ تشدد کیا گیا، یہ واقعہ منگل کی صبح اس وقت ہوا جب سعودی عرب جانے والا مسافر جاوید احمد اپنی فیملی کے ہمراہ ایئرپورٹ پر موجود تھا۔

بتایا گیا ہے کہ کسی بات پر ہونے والی تلخ کلامی کے دوران اے ایس ایف اہلکار ضیاء نے جاوید احمد کو اس کے بچوں کے سامنے مبینہ طور پر تھپڑ دے مارا جس کے بعد موقع پر شور شرابہ شروع ہوگیا، اس موقع پر متاثرہ شخص کی بچیاں بھی خوف زدہ حالت میں روتے ہوئی دکھائی دی گئیں، متاثرہ فیملی پاکستان میں چھٹیاں گزارنے کے بعد واپسی کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی ہنگامہ آرائی کا ایک واقعہ ہوا جہاں کسٹم اہلکاروں نے خاتون مسافر کو تشدد کا نشانہ بنایا، علامہ اقبال ائیر پورٹ میں بد نظمی ہوئی اور خاتون پر بہیمانہ تشدد کیا گیا، اس دوران کسٹم آفیسر خاتون نے مسافر خاتون کو لاؤنج میں بالوں سے گھسیٹا، مسافر خاتون کے اہل خانہ چیخ و پکار کرتے رہے لیکن کسی نے ان کی ایک نہ سنی، خواتین مسافروں اور کسٹم اہلکاروں کے درمیان جھگڑا اور تشدد کا واقعہ پیش آنے پر خاتون مسافر اور کسٹم اہلکاروں نے ایک دوسرے کو تھپڑ مارے جب کہ کسٹم حکام خاتون کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتے رہے۔

واقعے سے متعلق کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ خواتین نے سامان چیکنگ پر جھگڑا شروع کیا، چیکنگ کے دوران خاتون مسافر نے اپنا لہنگا کلیئر نہ ہونے پر کسٹم اہلکاروں سے جھگڑا کیا، ابوظہبی سے آنے والی خواتین مسافروں نے سامان کی کلیئرنس نہ ہونے پر احتجاج کیا جس کے نتیجے میں ہاتھا پائی ہوئی، اس دوران خاتون مسافر نے کسٹم اہلکاروں کو جوتے بھی مارے، جس کے باعث کسٹم حکام نے اس خاتون کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات