Live Updates

قابض انتظامیہ کشمیریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرے،میرواعظ

منگل 20 مئی 2025 18:19

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں کی مسلسل گرفتاریوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں خبردار کیا کہ اس طرح کے جابرانہ اقدامات سے کشمیریوں کے زخم مندمل ہونے کی بجائے مزید گہرے ہوں گے اور ان میں بھارت کے خلاف پہلے سے موجود غم وغصے میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے بھارتی قابض حکام پر زور دیا کہ وہ ان جابرانہ اقدامات کا سلسلہ فوری طور پر ختم کریں اورکشمیریوں کے ساتھ مناسب رویہ اختیار کریں۔میرواعظ نے کشمیری عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کل سرینگر میں مزار شہدا عیدگاہ کی طرف مارچ کریں اور ممتاز شہیدآزادی پسند رہنمائوں میرواعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اورشہدائے حول کو ان کے یومِ شہادت پر خراج عقیدت پیش کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمقبوضہ کشمیراور آزاد جموں و کشمیر بھر میں سیمینارز، قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔ میر واعظ مولوی محمد فاروق کو21مئی 1990کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر گولی مار کر شہید کر دیاگیا تھا، اسی روز سرینگر کے علاقے حول میں ان کے جنازے کے شرکاء پر بھارتی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ستر سوگواروں کو شہید کر دیا تھا۔ 12سال بعد21مئی 2002کو نامعلوم حملہ آوروں نے خواجہ عبدالغنی لون کو اس وقت قتل کر دیا تھا جب وہ مزار شہداء سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کے بعد واپس جا رہے تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات