پاک چین دوستی مثالی ہے، دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک دوسرے کے لیے دھڑکتے ہیں، وفاقی وزیرصحت

�یں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی، جنیوا میں وزیر صحت مصطفی کمال کی عالمی ہم منصبوں سے اہم ملاقاتیں، صحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

منگل 20 مئی 2025 22:10

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)78ویں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کا اجلاس جنیوا میں جاری ہے، جس میں دنیا بھر سے صحت کے ماہرین اور وزرائے صحت شریک ہیں۔ اجلاس کے موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کی عالمی ہم منصبوں کے ساتھ سائیڈ لائن ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جن کا مقصد صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وزیر صحت مصطفی کمال نے چین کے وزیر صحت سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے مابین صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون، باہمی دلچسپی کے امور، ویکسین کی تیاری، روایتی طب اور جدید طبی ٹیکنالوجی کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ "پاک چین دوستی مثالی ہے، دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک دوسرے کے لیے دھڑکتے ہیں۔

(جاری ہے)

" انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان ویکسینز اور ادویات کی مقامی تیاری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ درآمدات پر انحصار کم ہو اور ملکی صحت کا نظام مزید مستحکم ہو۔ مصطفی کمال نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر صحت کے شعبے میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے اور ہم چین کے تجربات سے سیکھ کر اپنے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا چاہتے ہیں۔ چینی وزیر صحت نے بھی پاکستان کے ساتھ صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

بعد ازاں، وزیر صحت مصطفی کمال نے سعودی عرب کے وزیر صحت فہد عبدالرحمن الجلاجل سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سعودی وزیر صحت نے مصطفی کمال کا پرتپاک استقبال کیا اور دونوں وزرائے صحت کے مابین صحت کے شعبے میں تکنیکی تعاون، ویکسین سازی، ٹیلی میڈیسن، اور پولیو کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔ مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے صحت کے شعبے میں تعاون اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید گہرے ہو رہے ہیں۔ دونوں وزرائے صحت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے رابطے میں رہنے اور صحت کے شعبے میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ یہ ملاقاتیں نہ صرف پاکستان کے صحت کے نظام کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔