فیلڈ مارشل کا عہدہ جنرل عاصم منیر کی دفاع وطن کی خاطر خدمات کا اعتراف ہے ،چوہدری شجاعت

منگل 20 مئی 2025 22:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پر مبارکباد دی ہے۔جاری بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہاکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنی محنت، صلاحیتوں اور پیشہ وارانہ مہارت سے یہ مقام حاصل کیا ہے ،فیلڈ مارشل کا عہدہ جنرل سید عاصم منیر کی دفاع وطن کی خاطر خدمات کا اعتراف ہے ، آپریشن بنیان المرصوص کی منصوبہ بندی حکمت عملی اور کامیابی فیلڈ مارشل عاصم منیر کا تاریخی کارنامہ ہے، سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے حالیہ پاکستان بھارت جنگ میں تاریخی فتح اور کامیابی حاصل کی، یقین ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نئی بلندیوں تک جائے گی۔

چوہدری شجاعت نے کہاکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے فضائی دفاع کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔

(جاری ہے)

ائیر چیف ظہیر بابر سدھو کو عہدے کی مدت میں توسیع پر بھی مبارکباد دی اور کہاکہ ایئر چیف مارشل کی کامیاب جنگی حکمت عملی کی بدولت پاکستان نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا، پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، پوری قوم مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔طارق حسن جنرل سیکرٹری نے کہاکہ جنرل عاصم منیر کی بطور فیلڈ مارشل ترقی قوم کی آواز تھی ۔جنرل عاصم قوم کی امنگوں کے محافظ بن کر ابھرے ۔