Live Updates

پاکستان کی بھارتی پروازوں کیلئے اپنی فضائی حدود بند رکھنے کے فیصلے میں مزید ایک ماہ کی توسیع

فیصلے کے تحت بھارتی پروازوں پر پابندی آئندہ ایک ماہ تک برقرار رہے گی، جس کے بعد صورتحال کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا، پہلگام حملے کے بعدپاکستان نے 24 اپریل کو بھارتی پروازوں کیلئے فضائی حدود ایک ماہ کیلئے بند کر دی تھیں

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 21 مئی 2025 11:18

پاکستان کی بھارتی پروازوں کیلئے اپنی فضائی حدود بند رکھنے کے فیصلے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 مئی 2025)پاکستان نے بھارتی پروازوں کیلئے اپنی فضائی حدود بند رکھنے کے فیصلے میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ، ذرائع کے مطابق حالیہ فیصلے کے تحت بھارتی پروازوں پر پابندی آئندہ ایک ماہ تک برقرار رہے گی، جس کے بعد صورتحال کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا، میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلگام حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستان نے 24 اپریل کو بھارتی پروازوں کیلئے فضائی حدود ایک ماہ کیلئے بند کر دی تھیں۔

بتایاگیا ہے کہ ابتک فضائی حدودکی بندش سے بھارتی ایئرلائنزکوآٹھ ارب بھارتی روپے کانقصان ہوچکا ہے۔ بھارت کو یک ماہ میں ایندھن کی مد میں پانچ ارب روپے کا اضافہ خرچہ کرنا پڑا ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بندش کے نتیجے میں بھارتی ایئر لائنز کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

اندازوں کے مطابق صرف ایک ماہ میں بھارتی فضائی کمپنیوں کو تقریباً 8 ارب روپے کا مجموعی نقصان ہوا۔

اس رقم میں سے 5 ارب روپے صرف اضافی ایندھن پر خرچ ہوئے جب کہ طویل دورانیے کی پروازوں کیلئے سٹاپ اوورز کی صورت میں مزید 3 ارب روپے کے اخراجات برداشت کرنا پڑے۔ماہرین کے مطابق بوئنگ 777 طیارہ 1 گھنٹے میں 6668 کلوگرام اور ائیر بس اے 319، 320 یا 321 طیارہ 1 گھنٹے میں اوسط 2400 کلوگرام ایندھن استعمال کرتا ہے۔ ایک کلوگرام جیٹ ایندھن کی اوسط قیمت اشاریہ 82 ڈالر ہے اور بھارت میں 6668 کلوگرام جیٹ ایندھن کی موجودہ قیمت 5467 ڈالر بنتی ہے۔

بوئنگ 777 یا 787 طیاروں کی یومیہ 75 گھنٹے اضافی پروازوں صرف ایندھن کی مد میں 4 لاکھ 10 ہزار ڈالر کا اضافی خرچ پڑتا ہے۔ اسی طرح ائیر بس اے 319، 320 یا 321 طیارے کی ایک گھنٹے کی پرواز کا اضافی فیول 1968 ڈالر بنتا ہے اور یومیہ 75 گھنٹے اضافی پروازوں پر ایندھن کی مد میں 1 لاکھ 47 ہزار ڈالر کے اضافی اخراجات لگتے ہیں۔دوسری جانب اضافی اخراجات کے باعث ہونے والے نقصان کے صورت میں ایئر انڈیا نے مودی سرکارسے امداد کا بھی مطالبہ کردیا ہے۔بندش سے سب سے زیادہ ائیرانڈیا متاثر ہوئی ہے جو حکومت سے امداد کا مطالبہ کرچکی ہے اس کے علاوہ آکاسا ائیر، اسپائس جیٹ، انڈیگو ائیر اور ائیرانڈیا ایکسپریس کی پروازیں بھی پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے جزوی متاثرہیں۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات