ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں اگلے 04 دن شدید گرمی رہے گی، محکمہ موسمیات

دھوپ میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں‘ماہرین کی ہدایات جاری

بدھ 21 مئی 2025 11:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چار روز تک موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جب کہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، تاہم ایبٹ آباد، کوہستان اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سخت گرم اور خشک رہے گا، البتہ مری، گلیات اور قریبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔سندھ بھر میں بھی موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جب کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی یہی صورتحال برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم بارش کی کوئی واضح پیش گوئی نہیں کی گئی۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دھوپ میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔