Live Updates

عوام کیلئے بری خبر، ملک بھر میں بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان

ماہ اپریل کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست نیپرا میں دائر کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 مئی 2025 12:24

عوام کیلئے بری خبر، ملک بھر میں بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی 2025ء ) ملک بھر میں بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں بجلی مہنگی کرنے کے حوالے سے درخواست دائر کی ہے، اپریل کے مہینے کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست نیپرا میں دائر کی گئی، نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 29 مئی کو سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا، درخواست کی منظوری کی صورت میں بجلی 1 روپے 27 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

سی پی پی اے سے معلوم ہوا ہے کہ اپریل 2025ء میں ملک بھر میں 10 ارب 51 کروڑ 30 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، 10 ارب 19 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو فراہم کی گئیں، اپریل میں بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 8.94 روپے فی یونٹ رہی جبکہ ریفرنس لاگت 7.68 روپے فی یونٹ مقرر تھی، اپریل میں پانی سے 21.94 فیصد، مقامی کوئلے سے 14.51 فیصد، درآمدی کوئلے سے 10.02 فیصد، فرنس آئل سے 0.97 فیصد، مقامی گیس سے 8.01 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 20.52 فیصد اور جوہری ایندھن سے 17.91 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف حکومت نے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے پنکھوں کی تبدیلی کا قومی پلان تیار کرلیا، وزیراعظم نے انرجی سیور پنکھے عوام کو آسان قسطوں پر دینے کی تجویز منظور کرلی، عوام کو بلا سود آسان قسطوں پر پنکھوں کی فراہمی کی اسکیم پر آئی ایم ایف سے مشاورت بھی ہوگی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انرجی سیور پنکھوں لگانے کے لئے پلان کا اعلان آئندہ بجٹ میں کیا جائے گا، منصوبے کے تحت صارفین بینکوں کی مالی معاونت سے انرجی ایفیشنٹ فین لگوا سکیں گے، صارفین ان پنکھوں کی قیمت کی ادائیگی بجلی بلز کے ذریعے اقساط میں کرسکیں گے، اے سی فینز کو ڈی سی فینز سے تبدیل کرنے سے 5 ہزار میگا واٹ تک بجلی کی بچت ہوگی، وزیراعظم عوام کو بجلی بلز میں ریلیف کیلئے مختلف تجاویز تیار کرنے کا حکم دے چکے ہیں۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات