Live Updates

آذربائیجان اور پاکستان بدعنوانی کے خلاف جنگ میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں،سہیل ناصر

بدھ 21 مئی 2025 16:35

باکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) ڈپٹی چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) پاکستان سہیل ناصر نے کہا ہےکہ آذربائیجان اور پاکستان بدعنوانی کے خلاف جنگ میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں،بدعنوانی کے خلاف جنگ میں سب سے اہم ضرورت بین الاقوامی تعاون ہے۔ یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کی گلوبل آپریشنل نیٹ ورک آف اینٹی کرپشن لا انفورسمنٹ اتھارٹیز کی باکو میں منعقدہ چھٹے اجلاس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بدعنوانی کے خلاف جنگ میں آذربائیجان کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہے، آذربائیجان اور پاکستان بدعنوانی کے خلاف جنگ میں باہمی تجربات کا تبادلہ اور اس شعبے میں مشترکہ تربیت کا اہتمام کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ اقدامات خاص طور پر منی لانڈرنگ کے سب سے سنگین مسئلے کا مقابلہ کرنے میں بہت مثبت نتائج دے سکتے ہیں۔ انہوں نے مہمان نوازی اور آذربائیجان میں منتظمین کی طرف سے تقریب کی میزبانی کو سراہا اور کہا کہ اعلیٰ انتظامات پر میں آذربائیجان کے متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ سہیل ناصر، ڈپٹی چیئرمین نیب پاکستان نے کہا کہ ہم ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں اور آذربائیجان کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات