Live Updates

فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی قومی فخر کی علامت ہے، جنرل عاصم منیر قوم کے اعتماد کا استعارہ ہیںسمعیہ ساجد

بدھ 21 مئی 2025 16:39

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ وچیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم(کواف) سمعیہ ساجد نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعلیٰ عسکری رینک پر ترقی پانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ غیرمعمولی اعزاز نہ صرف عسکری تاریخ کا سنگ میل ہے بلکہ جنرل عاصم منیر کی غیرمتزلزل قیادت، دور اندیشی اور قومی سلامتی کے لیے بے مثال خدمات کا اعتراف بھی ہے۔

اپنے تہنیتی بیان میںمرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ وچیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم(کواف) سمعیہ ساجد نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا رینک صرف عہدہ نہیں بلکہ قوم کی جانب سے ایک ایسا اعتماد ہے جو صرف انہی سپاہ سالاروں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے قومی سلامتی، جغرافیائی حدود اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت میں غیر معمولی کردار ادا کیا ہو۔

(جاری ہے)

جنرل سید عاصم منیر نے نہ صرف عسکری میدان میں مثالی بصیرت کا مظاہرہ کیا بلکہ قوم کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز کا بھی حکمت، تدبر اور جرات کے ساتھ سامنا کیا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں آپریشن‘‘بنیان مرصوص’’کا کامیاب انعقاد ہماری دفاعی قوت اور منظم عسکری صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ اس آپریشن نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیا اور دہشت گردی و تخریب کاری کے خلاف ہماری قومی پالیسی کو عملی جامہ پہنایا۔ تاریخی آپریشن میں جس پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قومی عزم کا اظہار کیا گیا، وہ ہمیشہ تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم(کواف) سمعیہ ساجد نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے ہمیشہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے اصولی، جرات مندانہ اور بے باک موقف اختیار کیا۔ اُن کے بیانات نہ صرف کشمیریوں کے دلوں کو تقویت دیتے رہے بلکہ عالمی برادری کے سامنے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے میں موثر کردار ادا کیا۔ اُن کی زبان سے نکلا ہر جملہ اہلِ کشمیر کی ترجمانی بن کر دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑتا رہا۔

سمعیہ ساجد نے مزید کہا کہ ایسی قیادتیں اقوام کے لیے باعث افتخار ہوا کرتی ہیں جو محاذ جنگ میں سپہ سالار اور ایوانوں میں قوم کے محافظ بن کر ابھرتی ہیں۔ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان، ان شاء اللہ، ہر میدان میں کامیاب و کامران رہے گا۔ اُن کی شخصیت اس وقت پاکستان کی سالمیت، وحدت اور وقار کی علامت بن چکی ہے، اور ان کا فیلڈ مارشل کے عہدے پر فائز ہونا قوم کی نظریاتی اساس، عسکری استحکام اور عوامی اعتماد کی فتح ہے۔اس موقع پر پوری قوم کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ صرف ایک شخصیت کا اعزاز نہیں بلکہ ایک پوری قوم کی کامیابی ہے جو اپنے ہیروز کو پہچاننا جانتی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات