Live Updates

پاکستان چین کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں، صدرمملکت

بدھ 21 مئی 2025 16:48

پاکستان چین کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کی 74 ویں سالگرہ پر پاکستان اور چین کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں۔ بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان "ون چائنا" پالیسی کے اصولی موقف کا مضبوط حامی ہے، گزشتہ 7 دہائیوں کے دوران دونوں ممالک کے مابین تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور تزویراتی تعاون شراکت داری میں بندھے ہیں، پاکستان اور چین کے مابین سدا بہار دوستی ہے، ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر چینی حکومت اور عوام کے مشکور ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں چین کا اہم کردار ہے ، پاک-چین تعلقات باہمی اعتماد ، احترام اور خیر سگالی کے جذبات پر مبنی ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دونوں برادر ممالک مشترکہ خوشحالی ، امن و استحکام اور خطے میں روابط کے فروغ کے خواہاں ہیں، دونوں ممالک خطے اور دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کرکام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کے دفاعی شعبے کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا ہے ، پاک-چین اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی درخشاں مثال ہے، پاک-چین اقتصادری راہداری نے پاکستان کی معیشت ، بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبے پر مثبت اثرات چھوڑے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ معیشت، ٹیکنالوجی، دفاع، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ صدر مملکت نے مستقبل میں چین کے ساتھ تعلقات مزید وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاک-چین سفارتی تعلقات کی 74 ویں سالگرہ کے موقع پر چینی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات