Live Updates

پاکستان: سلامتی کونسل کی خضدار سکول بس پر حملے کی مذمت

یو این جمعہ 23 مئی 2025 04:30

پاکستان: سلامتی کونسل کی خضدار سکول بس پر حملے کی مذمت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 23 مئی 2025ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان میں سکول کی بس پر حملے کی سخت مذمت کی ہے جس میں چار بچوں کی ہلاکت ہوئی۔ دہشت گردی کے اس واقعے میں 53 افراد زخمی ہوئے جن میں 39 بچے بھی شامل ہیں۔

کونسل کے ارکان نے اسے وحشیانہ اور بزدلانہ حملہ قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں، حکومت اور پاکستان کے لوگوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی ہے۔

ارکان نےکہا ہے کہ دہشت گردی کی ہر قسم اور ہر انداز بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین ترین خطرہ ہے۔ انہوں نے اس واقعے کا ارتکاب، منصوبہ بندی، سرپرستی اور اس کے لیے مالی وسائل مہیا کرنے والوں کو اںصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

مجرمانہ اور ناقابل جواز عمل

صوبہ بلوچستان کے شہر خضدار میں یہ حملہ کل صبح اس وقت ہوا جب بچوں کو سکول لے جانے والی بس انہیں شہر کے مختلف مقامات سے اٹھا رہی تھی۔

اطلاعات کے مطابق جب بس شہر کے مرکز سے تقریباً 10 کلومیٹر دور زیرو پوائنٹ پر پہنچی تو اس کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں یہ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

کونسل کے ارکان نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اس ضمن میں پاکستان کی حکومت کے ساتھ فعال طور سے تعاون کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ محرکات سے قطع نظر، ہر طرح کی دہشت گردی مجرمانہ اور ناقابل جواز فعل ہے خواہ یہ کسی بھی وقت اور کسی کے بھی خلاف کیوں نہ ہو۔

ارکان نے تمام ممالک سے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین بشمول انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون، پناہ گزینوں سے متعلق قانون اور عالمی انسانی قانون کے تحت دہشت گردی سے دنیا کے امن و سلامتی کو لاحق خطرات کو روکنے کی ذمہ داری کو پورا کریں۔

یونیسف کی جانب سے مذمت

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے بھی اس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے یونیسف نے ہلاک ہونے والے بچوں کے خاندانوں سے ہمدردی اور زخمیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ کہیں بھی کسی بچے کے لیے سکول جانا خطرناک نہیں ہونا چاہیے تاہم پاکستان میں بہت سے بچوں کے لیے یہ دل شکن حقیقت ہے۔

یونیسف نے کہا ہے کہ بچوں کو کسی بھی طرح کے حالات میں تشدد کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے اور انہیں درپیش غیرضروری مصائب کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات