Live Updates

عالمی برادری بھارت کی نسل پرستانہ بیان بازی کا سنجیدگی سے نوٹس لے، رضوان سعید شیخ

بدھ 21 مئی 2025 19:56

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی حکومت کی نسل پرستانہ بیان بازی میں خطرناک حد تک اضافہ کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رضوان سعید شیخ نے کیلیفورنیا میں ورلڈ افیئرز کونسل کے زیر اہتمام ایک اجلاس سے خطاب میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ انتہاپسند ہندوتوا نظریہ اور آر ایس ایس کے اثر و رسوخ سے چلنے والی تسلط پسند بھارتی حکومت کی نسل پرستانہ بیان بازی میں خطرناک حد تک اضافہ کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔

انہوں نے کہاکہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز اقدامات علاقائی امن و استحکام اور سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔

(جاری ہے)

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کا معاشی استحکام اور ترقی ایک مستحکم اور محفوظ علاقائی ماحول سے جڑی ہے، پاکستان نے بھارتی جارحیت کو موثر طریقے سے پسپا کرکے اپنے غیر متزلزل عزم، طاقت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے مستقبل میں بھی کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان اپنی سالمیت کا بھرپور دفاع کریگا۔انہوں نے بین الاقوامی معاہدوں اور قانونی فریم ورک کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا خاص طور پر بین الاقوامی آبی وسائل کے حوالے سے جو قومی سلامتی اور خطے کے کروڑوں لوگوں کی پائیدار ترقی سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔پاکستانی سفیر نے خطے میں حالیہ جنگ بندی کے حوالے سے امریکہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دہشت گردی کے خلاف دو طرفہ تعاون سمیت وسیع تر اور کثیر الجہتی شراکت دار ی کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے امن کے فروغ اور تنازعہ جموں و کشمیر کے پائیدار حل سمیت علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے امریکہ کی مسلسل مصروفیت کا بھی خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہاکہ خطے میں طویل مدتی امن کے لیے تنازعہ جموں و کشمیر کا منصفانہ، پرامن اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات