Live Updates

ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے تعمیراتی شعبے کی ترقی کلیدی اہمیت کی حامل ہے ، کم لاگت رہائشی منصوبوں کی فنانسنگ کی سفارشات کو بجٹ تجاویز کا حصہ بنایا جائے، وزیراعظم شہباز شریف

بدھ 21 مئی 2025 19:56

ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے  تعمیراتی شعبے کی ترقی کلیدی اہمیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے تعمیراتی شعبے کی ترقی کلیدی اہمیت کی حامل ہے ، کم لاگت رہائشی منصوبوں کی فنانسنگ کی سفارشات کو بجٹ تجاویز کا حصہ بنایا جائے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بدھ کو کم لاگت رہائشی منصوبوں کیلئے قائم کردہ ٹاسک فورس کاجائزہ اجلاس ہوا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں سے گھروں کے حصول میں آسانی پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں سے نہ صرف رہائشی منصوبے عام آدمی کی دسترس میں آئیں گے بلکہ ملکی معیشت ترقی کرے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ ٹاسک فورس وزارت خزانہ اور بینکوں کے ساتھ مل کر کم لاگت رہائشی منصوبوں کی فنانسنگ کے حوالے سے سفارشات جلد پیش کرے جسے بجٹ تجاویز کا حصہ بنایا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے تعمیراتی شعبے کی ترقی کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔اجلاس میں وزیراعظم کو حکومت کی جانب سے کم لاگت رہائشی منصوبوں کے اقدامات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کنڈومونیم ایکٹ 2025 اور فور کلوژر قانون میں ترامیم حتمی مراحل میں ہیں جن کی منظوری کے بعد کم لاگت رہائشی منصوبوں کے ذریعے گھروں کی تعمیر و ملکیت کیلئے قرضوں کا حصول آسان ہوگا۔

اجلاس کو ٹاسک فورس کی جانب سے تعمیراتی شعبے بالخصوص کم لاگت رہائشی منصوبوں کے آغاز سے متعلق اب تک کی پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، ریاض حسین پیرزادہ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات