Live Updates

غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں ’’مستقبل کی زرعی تحقیق کی سمتیں‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

بدھ 21 مئی 2025 22:45

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں ’’مستقبل کی زرعی تحقیق کی سمتیں‘‘ کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا ،جس میں یونیورسٹی کے اساتذہ، طلباء و طالبات، زرعی ماہرین، اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد زرعی تحقیق میں ابھرتے ہوئے رجحانات کی نشاندہی، مؤثر تحقیقی شعبہ جات کی ترجیح اور مختلف اداروں کے مابین اشتراک عمل کو فروغ دینا تھا۔

سیمینار کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کی جبکہ مہمانانِ اعزاز میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ایگریکلچر ریسرچ بورڈ ڈاکٹر عابد محمود اور ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع مہر عابد حسین شامل تھے۔ دیگر نمایاں شرکاء میں ڈائریکٹر تحقیق و کمرشلائزیشن ڈاکٹر صغیر عطاء، پروفیسر ڈاکٹر سعداللہ لغاری، رجسٹرار ڈاکٹر عابد محمود علوی، ڈاکٹر طاہرہ بتول قیصرانی، ڈاکٹر جاوید اقبال، ڈاکٹر راشدہ قاضی، ڈاکٹر ظہور حسین، ڈاکٹر نوشین مرزا، ڈاکٹر اللہ بخش گلشن، ڈاکٹر محمد امجد بشیر، ڈاکٹر ارم عزیز، ڈاکٹر وسیم عباس گل، اور کرنل اشفاق احمد شامل تھے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر اشفاق احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ زرعی تحقیق کو کسان، مقامی معیشت اور قدرتی وسائل کے ساتھ جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیقاتی منصوبے ایسے ہوں جو کم پانی میں زیادہ پیداوار، زمینی زرخیزی میں بہتری، اور موسمیاتی شدت کا سامنا کرنے والی فصلوں کی تیاری میں معاون ثابت ہوں۔اس موقع پر دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کو زرعی شعبے میں سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جن میں آبادی میں اضافہ، موسمیاتی تبدیلی، پانی کی قلت اور زرعی پیداوار میں کمی شامل ہیں،ایسے میں سائنسی تحقیق ہی وہ راستہ ہے جو زراعت کو پائیدار، جدید اور منافع بخش بنا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحقیق کو لیبارٹریوں تک محدود رکھنے کے بجائے اسے عملی جامہ پہنا کر کاشتکار تک پہنچانا ناگزیر ہے تاکہ نتائج کا حقیقی فائدہ زمین پر نظر آئے۔ مقررین نے زرعی جدت، بائیوٹیکنالوجی، موسمیاتی اثرات سے محفوظ فصلوں کی تیاری، پانی اور مٹی کے بہتر استعمال، اور زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔سیمینار کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ زرعی تحقیق کو ملک کی معاشی ترقی، خوراک کی خودکفالت، اور دیہی معیشت کی مضبوطی کے لیے ایک مؤثر ذریعہ بنایا جائے گا اور جامعات، تحقیقی ادارے اور زرعی ماہرین باہمی اشتراک سے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی وضع کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات