Live Updates

احسن اقبال کی زیر صدارت ’’کوانٹم ویلی پاکستان‘ُمنصوبے پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس

یو کی-پاکستان اشتراک کے ذریعے تحقیق، اختراع و صنعتی ترقی کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال ممبرسائنس و ٹیکنالوجی ، وزارتِ آئی ٹی، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ، وزارت منصوبہ بندی کے سینئر افسران کی شرکت کوانٹم ویلی پاکستان منصوبہ سائنس، ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ فار ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پہلی بڑی عملی کاوش ہے، جس کا مقصد پاکستان کو ایک علم پر مبنی، ٹیکنو-اکنامک طاقت بنانا ہے،وزیرمنصوبہ بندی

بدھ 21 مئی 2025 22:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاہے کہ کوانٹم ویلی پاکستان منصوبہ سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ فار ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پہلی بڑی عملی کاوش ہے، جس کا مقصد پاکستان کو ایک علم پر مبنی، ٹیکنو-اکنامک طاقت بنانا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بدھ کو ’’کوانٹم ویلی پاکستان‘‘کے تاریخی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ممبرسائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ، وزارتِ آئی ٹی، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارت منصوبہ بندی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ کوانٹم ویلی پاکستان ملک کا سب سے بڑا ٹیکنونیشنل منصوبہ ہے، جو پاکستان کے لیے سلیکون ویلی کی طرز پر ایک جدید سائنسی اور ٹیکنالوجی حب کے قیام کا وژن پیش کرتا ہے، اس منصوبے میں ایگری ٹیک، بائیو ٹیک، ایڈوانسڈ مٹیریلز، اور معدنیات جیسے ابھرتے ہوئے شعبہ جات پر مشتمل جدید سائنس پارکس قائم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ یہ منصوبہ سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ فار ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پہلی بڑی عملی کاوش ہے، جس کا مقصد پاکستان کو ایک علم پر مبنی، ٹیکنو-اکنامک طاقت بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ پہلا موقع ہے کہ ہم اپنے ماحولیاتی نظام کے تمام عناصر کو مربوط کر رہے ہیں، جس میں سویلین اور عسکری شعبہ جات کا اشتراک بھی شامل ہے ۔

احسن اقبال نے وژن2010کی بنیاد، 10000پی ایچ ڈی اسکالرشپس، اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس، روبوٹکس، بگ ڈیٹا اور سائبر سیکیورٹی کے قومی مراکز کی تاسیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اب وقت آ چکا ہے کہ ان تمام کوششوں کو ایک مربوط نظام کے تحت مجتمع کیا جائے تاکہ پاکستان کو عالمی مسابقتی معیشتوں کی صف میں شامل کیا جا سکے۔اجلاس میں ڈاکٹر نجیب اللہ نے منصوبے کا اسٹریٹجک ڈیزائن فریم ورک پیش کیا، جو کہ یونیورسٹی آف کیمبرج کے معروف سینٹ جونز انوویشن سینٹر کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔

سینٹر عالمی سطح پر انٹرپرینیورشپ اور ٹیکنالوجیکل انوویشن کے میدان میں ایک ممتاز حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وژن پر کام کا آغاز وزیر منصوبہ بندی کے حالیہ دور کیمبرج کے دوران ہوا، جہاں یو کی-پاکستان اشتراک کے ذریعے تحقیق، اختراع اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ کوانٹم ویلی پاکستان کی تکمیل کے لیے وزارت منصوبہ بندی، وزارت آئی ٹی، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، وزارت دفاع اور نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ (Ignite)مل کر مشترکہ حکمت عملی اپنائیں گے۔یہ منصوبہ پاکستان کو عالمی سطح پر جدید ٹیکنالوجی اور اختراع کے میدان میں ایک نمایاں مقام دلانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات