Live Updates

پاکستان اپنی معیشت کی ترقی اور استحکام کیلئے پرعزم ہے،پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی

جمعرات 22 مئی 2025 00:30

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان میں علاقائی لاجسٹکس فورم منعقد کرنے پر زور دیا ہے تاکہ ملک کی لاجسٹکس انڈسٹری کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات دبئی میں منعقدہ 12ویں جی ایل اے لاجسٹکس فورم کے موقع پر 'گلوبل لاجسٹکس الائنس (جی ایل اے) اورلاجسٹکس موڈ پرائیویٹ لمیٹڈ (ایل ایم پی) کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

وفد میں جی ایل اے کی صدر اور بانی گریس، جی ایل اے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر مالک، ایل ایم پی کے گروپ ڈائریکٹر ذیشان اور ایل ایم پی دبئی کے سلیمان جاذب شامل تھے۔ بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران گریس نے جی ایل اے فورم میں سفیر فیصل ترمذی کے کلیدی خطاب پر ان کا شکریہ ادا کیا جس میں انہوں نے چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت اور خطے میں پاکستان کے اسٹریٹجک لاجسٹکس کردار کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر کی جانب سے علاقائی لاجسٹکس فورم کے انعقاد کی حمایت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان اپنی معیشت کی ترقی اور استحکام کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے جی ایل اے اور ایل ایم پی کی لاجسٹکس صنعت میں خدمات کو سراہا بالخصوص اس امر کا ذکر کیا کہ ایل ایم پی کو 12ویں جی ایل اے کانفرنس میں 'بہترین شراکت ایوارڈ' سے نوازا گیا۔سفیر فیصل ترمذی اور گریس دونوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں فریٹ فارورڈنگ اور لاجسٹکس کے شعبے میں ایل ایم پی کے کردار کو سراہا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات