Live Updates

ایف آئی اے نے وفاقی اداروں میں کرپشن میں ملوث ملازمین کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی

3 سال کے دوران کرپشن میں ملوث سرکاری اداروں کے 3 ہزار 500 ملازمین کو گرفتار کیا ہے. رپورٹ میں انکشاف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 22 مئی 2025 15:50

ایف آئی اے نے وفاقی اداروں میں کرپشن میں ملوث ملازمین کی رپورٹ قومی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 22 مئی ۔2025 )وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے وفاقی اداروں میں کرپشن میں ملوث ملازمین کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے گزشتہ 3 سال کے دوران کرپشن میں ملوث سرکاری اداروں کے 3 ہزار 500 ملازمین کو گرفتار کیا ہے. رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کی قومی اسمبلی میں پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرپشن میں ملوث 8 ہزار 784 ملازمین کے خلاف انکوائریاں شروع کی گئیں، انکوائریوں کے بعد 3 ہزار 479 مقدمات درج کیے گئے.

(جاری ہے)

ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف کرپشن پر 2 ہزار 206 مقدمات درج کرکے انہیں عدالتوں میں پیش کیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 3 سال کے دوران کرپشن میں ملوث 432 ملازمین کو عدالتوں کی جانب سے سزائیں دی گئیں رواں سال 2025 کے ابتدائی 3 ماہ جنوری سے مارچ میں کرپشن میں ملوث 263 سرکاری ملازمین کو گرفتار کیا جاچکا ہے. رواں سال کے ابتدائی 3 ماہ میں 762 انکوائریوں کے بعد 185 مقدمات درج کیے گئے، جنوری سے مارچ 2025 کے دوران کرپشن ثابت ہونے پر 16 ملازمین کو سزائیں سنائی گئی ہیں واضح رہے کہ رواں سال فروری میں جاری کرپشن پرسیپشن انڈیکس (سی پی آئی) 2024 میں پاکستان کی رینکنگ 2 درجے تنزلی سے 180 ممالک میں سے 135 پر آگئی جو 2023 میں 133 ویں درجے پر رہی تھی.

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق کہ سی پی آئی دنیا بھر کے ملکوں میں پبلک سیکٹر میں بدعنوانی کی سطح کے لحاظ سے صفر (انتہائی بدعنوان) سے 100 (انتہائی شفاف) کے پیمانے پر درجہ بندی کرتا ہے.                                                 
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات