Live Updates

پاکستان کو اپنے جامع جوہری سیکیورٹی نظام اور کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے کی مضبوطی پر مکمل اعتماد ہے، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 23 مئی 2025 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنے جامع جوہری سیکیورٹی نظام اور کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے کی مضبوطی پر مکمل اعتماد ہے۔ پاکستانی جوہری ہتھیاروں کے بارے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان سے متعلق سابق امریکی قومی سلامتی مشیر جان بولٹن کے ایک بھارتی میڈیا ادارے پر کئے گئے تبصرے کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کے استفسار پر جمعرات کو وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو اپنے جامع جوہری سیکیورٹی نظام اور کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے کی مضبوطی پر مکمل اعتماد ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ستم ظریفی یہ ہے کہ جان بولٹن کا تبصرہ راج ناتھ سنگھ کے بیان کے حوالے سے سامنے آیا جو ایک ہندو انتہا پسند تنظیم سے وابستہ رہنما ہیں اور پاکستان کے خلاف جارحیت کی بارہا دھمکیاں دیتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حقیقت میں بین الاقوامی برادری کو اس بات پر زیادہ تشویش ہونی چاہیے کہ بھارت کے جوہری ہتھیار راج ناتھ سنگھ جیسے افراد کے کنٹرول میں ہیں جو پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف مسلمہ مخاصمت رکھتے ہیں اور پرخطر فریب کا شکار ہیں بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے سیاسی ماحول، میڈیا اور معاشرے کے مختلف طبقات میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی جوہری تحفظ کے جائز خدشات کو جنم دیتی ہے۔

یہ خدشات اس وقت مزید سنگین ہو جاتے ہیں جب بھارت میں جوہری بلیک مارکیٹ کے جاری رہنے کا معاملہ بھی سامنے آتا ہے جو اس کے جوہری حفاظتی نظام میں سنگین خامیوں کو اجاگر کرتا ہے جیسا کہ حساس جوہری مواد کی چوری اور غیر قانونی اسمگلنگ کے مسلسل واقعات سے ظاہر  ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات