Live Updates

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وزارت ریلوے میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات

جمعہ 23 مئی 2025 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزارت ریلوے میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی ہےجس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے موجودہ سیاسی، سماجی اور اقتصادی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران ملکی استحکام، امن و امان کی صورتحال، اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی جن کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے ریلوے کے شعبے میں جاری اصلاحات اور ترقیاتی کاموں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے جدید اور موثر ٹرانسپورٹ نظام ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے صوبے میں ریلوے انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے اور بہتر بنانے کے لیے حکومتی ارادے کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون، خصوصی طور پر خیبر پختونخوا کے ترقیاتی ایجنڈے کو ترجیح دینے اور عوام کی سہولیات کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ، انہوں نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مل کر حکمت عملی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا جا سکے۔ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، تعلیم، صحت، اور دیگر سماجی مسائل پر بھی بات چیت ہوئی اور ان مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ گورنر اور وزیر ریلوے نے ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے یکجہتی اور تعاون کو ہر دور میں اہم قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملکی ترقی کے لیے اپنی اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی ادا کریں گے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات