Live Updates

وزیراطلاعات آزاد کشمیرسے آذربائیجان ٹیلیویژن اے۔زیڈ ٹی وی کے وفد نے الماز محمود نصیبووا کی سربراہی میں ملاقات

جمعہ 23 مئی 2025 19:36

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) وزیراطلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ سے آذربائیجان ٹیلیویژن اے۔زیڈ ٹی وی کے وفد نے الماز محمود نصیبووا کی سربراہی میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت آزادجموں وکشمیر میں میڈیالینڈاسکیپ بارے تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی بھرپور حمایت پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے رشتے کو سراہااور کہاکہ آذربائیجان ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ، ہم مشکل حالات میں برادراسلامی ممالک کی حمایت بالخصوص مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیریوں کی بھرپور حمایت پر شکرگزار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم امن کے خواہاں ہیں ، جنوبی ایشیا میں امن صرف اسی صورت قائم ہوسکتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیاجائے ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیرکے حل میں واحد رکاوٹ ہندوستان ہے جو مقبوضہ جموں وکشمیر پر غاصبانہ قبضہ جمائے ہوئے اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی جانب سے اگر دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی گئی تو اسے 10مئی سے زیادہ سخت جواب دیاجائےگا۔

وزیراطلاعات نے آزادکشمیر کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیر میں پاکستان بھر میں سب سے زیادہ لٹریسی ریٹ ہے یہاں خواتین میں مردوں کی نسبت پڑھنے لکھنے کا رحجان زیادہ ہے ، آزادکشمیر کی خواتین نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مثالی ہے - حکومت آزادکشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کی اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر ہے اس کے بعد حکومت کا فوکس اس خطہ کے عوام کامعیار زندگی بلند کرنے پر ہے ۔

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں کوئی سیاسی قیدی نہیں جب کہ اس کے برعکس مقبوضہ جموں وکشمیر میں لاکھوں افراد کو ہندوستان کے خلاف آواز اٹھانے کے جرم میں شہید کیاجاچکا ہے ، اسوقت بھی ہزاروں نوجوانوں بھارتی عقوبت خانوں میں ظلم و جبر کا شکار ہیں ، حریت رہنماوں کوبھی پابندسلاسل کر کے ان پر مظالم کے پہاڑ توڑ ے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اے۔

زیڈ ٹی وی کے وفد نے الماز محمود نصیبووا نے کہاکہ آذربائیجان کے عوام پاکستان کے عوام سے محبت کرتے ہیں ، پاکستان نے بھی ہمیشہ آذربائیجان کی حمایت کی ہے ، بالخصوص کاراباخ کے معاملے پر پاکستان کی حمایت کے شکرگزارہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں تعمیر وترقی اور یہاں ویمن امپاورنمنٹ دیکھ کر خوشی ہوئی ، آزادکشمیر قدرتی حسن سے مالا مال اور امن و امان کے لحاظ سے مثالی خطہ ہے ،یہ ایک بہترین سیاحتی مقام بھی ہے ، آزادکشمیر کے عوام کی مہمان نوازی سے متاثرہوئی ہوں۔

ملاقات کے دوران ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس، صدر آذربائیجان ٹریڈ ہاؤس عدیل بٹ، ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزا، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیدہ ایمن نقوی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی آئی ڈی ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ آمنہ اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن سید احمد حسن، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر راجہ محمدسہیل خان ، سید آصف حسین نقوی ، راجہ عبدالباسط، خضر حیات، خواجہ محمد حنیف، سردارشمیم انجم ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات