سانحہ خضدار کے معصوم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

جمعہ 23 مئی 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) حکومتِ بلوچستان کی ہدایت پر سانحہ خضدار کے معصوم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر کالج کی پرنسپل، اساتذہ اور طالبات نے شہید طلبہ کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی ۔ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل گرلز کالج نے سانحہ خضدار کو ایک بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا نہ کوئی مذہب ہوتا ہے اور نہ ہی انسانیت سے ان کا کوئی تعلق، معصوم طلبہ کو نشانہ بنانا سفاکیت کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعے میں تین نہایت ہونہار طلبہ شہید جبکہ متعدد شدید زخمی ہوئے، جن کا درد ہر محب وطن محسوس کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

کالج کی جانب سے شہداء کے لواحقین سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور ان کے غم میں برابر کا شریک ہونے کا عزم دہرایا گیا۔

پرنسپل نے مزید کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں نہ صرف بلوچستان بلکہ پوری قوم کی امن پسند روایات کے منافی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس قسم کی دہشت گردی کے پیچھے بھارت کی خفیہ ایجنسی "را" ملوث ہے، جو بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کے مذموم عزائم رکھتی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے ماضی میں دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی ہے اور آئندہ بھی ایسے ناپاک عزائم کو ناکام بناتی رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خضدار جیسے واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، بلکہ ہمیں مزید متحد اور پرعزم بناتے ہیں۔