مہمند ڈیم پر تعمیراتی کام 28-2027 میں مکمل ہوگا، وفاقی وزیر معین وٹو

جمعہ 23 مئی 2025 21:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) واپڈا نے مہمند ڈیم منصوبے کے حوالے سے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے مرکزی ڈیم پر تعمیراتی کام شروع کر دیا ہے، منصوبے کے تحت ڈیم پر تعمیراتی کام سے قبل تمام لوازمات پورے کر دیئے گئے ہیں جن میں دریا کا رخ موڑنا اور فاؤنڈیشن کی تعمیر شامل ہے،یہ اہم منصوبہ 28-2027 میں مکمل ہوجائے گا، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے اس موقع پر مہمند ڈیم منصوبے کا دورہ کیا، چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

جی ایم/پی ڈی مہمند ڈیم اپنی ٹیم کے ہمراہ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے پروجیکٹ مینجرز بھی اس موقع پر موجود تھے، وفاقی وزیر نے اہم مقامات کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا، ان مقامات میں ڈائیورژن سسٹم، پاور انٹیک ٹنل، مین ڈیم، سپل وے اور پاور ہاؤس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر کو پروجیکٹ ٹیم نے بتایا کہ 14 مختلف مقامات پر تعمیراتی کام جاری ہے۔

وفاقی وزیر کو منصوبے پر سائٹ کے لحاظ سے پیشرفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، وفاقی وزیر نے منصوبے پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا. انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک میں پانی اور سستی بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات سے پوری طرح آگاہ ہے، یہی وجہ ہے کہ واپڈا اور وزارت آبی وسائل زیر تعمیر میگا پروجیکٹس کی تکمیل کےلیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

مہمند ڈیم ان منصوبوں میں سے ایک ہے جو پاکستان میں پانی اور کم لاگت بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کرے گا. انہوں نے امید ظاہر کی کہ واپڈا مہمند ڈیم اور دیگر منصوبوں کو اپنی ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کرے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت آبی وسائل اس مقصد کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی،800 میگاواٹ کی بجلی کی صلاحیت کے ساتھ یہ منصوبہ سالانہ 2.86 ارب یونٹ صاف اور سستی ہائیڈل بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کرے گا۔ یہ نہ صرف پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کو سیلاب سے بچانے میں مدد دے گا بلکہ پشاور کو پینے کے مقصد کے لیے روزانہ 300 ملین گیلن پانی بھی فراہم کرے گا۔