پاکستان کپیسیٹرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد کا دورہ لاہور چیمبر، صدر میاں ابوذر شاد سے ملاقات

ہفتہ 24 مئی 2025 15:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء) پاکستان کیپیسٹرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ہفتہ کے روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد سے ملاقات کی اورمقامی کیپیسٹر مینوفیکچرنگ شعبے کو درپیش اہم مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ وفد کی قیادت لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن آصف خان کررہے تھے جبکہ وفد میں شامل عدیل اعجاز، محمد رمضاناور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران خرم لودھی، کرامت علی اعوان، سید سلمان علی، عامر علی اور احسن شاہد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

وفد نے صدر لاہور چیمبر کو مقامی کیپیسٹر صنعت کو درپیش مختلف چیلنجز سے آگاہ کیا جن میں خام مال کے لیے درآمدات پر انحصار، پیداواری لاگت میں مسلسل اضافہ، حکومتی سطح پر پالیسی سپورٹ کی کمی، پیچیدہ درآمدی ضوابط اور ٹیکنالوجی کی مقامی بنیادوں پر عدم دستیابی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وفد کے سربراہ آصف خان نے کہا کہ اگر فوری طور پر پالیسی اصلاحات نہ کی گئیں تو مقامی مینوفیکچررز عالمی مقابلے میں پیچھے رہ جائیں گے اور اس کا شدید نقصان ملکی صنعت کو ہوگا۔

وفد نے کہا کہ لاہور چیمبر اس اہم صنعتی شعبے کے حق میں زیادہ مؤثر اور متحرک کردار ادا کرے اور ایک ایسا ماحول بنانے میں مدد دے جو مقامی صنعت کاروں کے لیے سازگار ہو۔ خاص طور پر انہوں نے کیپیسٹرکے خام مال پر ڈیوٹی میں کمی، درآمدی طریقہ کار کو آسان بنانے اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر و مقامی پیداوار کے لیے مراعات کی فراہمی میں چیمبر کی معاونت کی درخواست کی۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کیپیسٹر انڈسٹری کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر ان کے جائز مطالبات کو تمام متعلقہ حکومتی فورمز پر مؤثر انداز میں اٹھائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے درآمدی انحصار کو کم کرنا اور مقامی صنعت کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیپیسٹر مینوفیکچرنگ کا شعبہ بے پناہ امکانات کا حامل ہے اور لاہور چیمبر اس کی بھرپور حمایت کے لیے پرعزم ہے۔ ہم ان کے تمام حقیقی مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے اور ایسی پالیسیوں کے نفاذ کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے جو مقامی صنعت کاروں کو تحفظ اور فروغ دیں۔میاں ابوذر شاد نے مزید کہا کہ ملکی صنعت کو ترقی دینے، کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور جدت کو فروغ دینے جیسے اقدامات پاکستان کی صنعتی پالیسی کا مرکزی حصہ ہونے چاہئیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ لاہور چیمبر اور پاکستان کپیسیٹر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مابین ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے تاکہ مسلسل بات چیت جاری رکھی جا سکے قابل عمل تجاویز مرتب کی جا سکیں اور ایک پائیدار حل کی جانب بڑھا جا سکے۔