Live Updates

آئی ایم ایف کا پاکستان سے مہنگائی کو 5سے 7فیصد ہدف میں لانے پر زور

پاکستان کا پرائمری سرپلس کا ہدف 1.6 فیصد مقرر ، آئندہ دنوں میں بجٹ پر مزید بات چیت جاری رہے گی زرمبادلہ ذخائر کی بحالی، شرح مبادلہ میں لچک لانا ہوگی،بیرونی دبائو کے برداشت کیلئے کرنسی کا ایکسچینج ریٹ مارکیٹ کے مطابق رکھناہوگا،اعلامیہ

ہفتہ 24 مئی 2025 15:56

آئی ایم ایف کا پاکستان سے مہنگائی کو 5سے 7فیصد ہدف میں لانے پر زور
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔آئی ایم ایف نے پاکستان سے مہنگائی کو پانچ سے سات فیصد ہدف میں لانے پر زور دیا ہے۔اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف مشن کا دورہ پاکستان مکمل ہوگیا، اس دوران مالی سال 2025-26کے بجٹ پر حکام سے تعمیری بات چیت ہوئی۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کا پرائمری سرپلس کا ہدف 1.6 فیصد مقرر ہے جبکہ آئندہ دنوں میں بجٹ پر مزید بات چیت جاری رہے گی، پروگرام کے تحت مالی نظم و ضبط برقرار رکھا جائے گا۔آئی ایم ایف نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر بھی گفتگو ہوئی، مہنگائی کو5 سے 7 فیصد ہدف میں لانے پر زور دیا گیا ہے، زرمبادلہ ذخائر کی بحالی اور شرح مبادلہ میں لچک لانا ہوگی۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں کہا گیا کہ اگلا آئی ایم ایف جائزہ 2025 کی دوسری ششماہی میں متوقع ہے، اصلاحات کیلئے پاکستانی حکام پراعتماد ہیں، آئندہ دنوں میں بجٹ پر مزید بات چیت جاری رہے گی۔آئی ایم ایف کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان میں توانائی کی لاگت کم کرنے کیلئے بات چیت ہوئی، معاشی ترقی کی شرح بڑھانے کیلئے بنیادی اصلاحات پر بھی مشاورت ہوئی، معاشی پالیسی مضبوط اور دیرپا بنانے کیلئے بھی زور دیا گیا تاکہ کوئی خلا نہ رہے۔

اعلامیے کے مطابق معاشی پالیسی کیلئے مانیٹری پالیسی سخت بنائی جائے، سٹیٹ بینک افراط زر کو مدنظر رکھتے ہوئے مانیٹری پالیسی بنائے، آئندہ مالی سال زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھے جائیں، کرنسی کا ایکسچینج ریٹ مارکیٹ کے مطابق رکھا جائے تاکہ بیرونی دباؤ کو برداشت کرسکے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ دورہ پاکستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون کے مشکور ہیں، تعمیری بات چیت کرنے پر حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، پاکستان کی معاشی پالیسی میں استحکام کیلئے کاربند رہنا قابل ستائش ہے، پاکستان کے ساتھ بات چیت مثبت انداز میں آئندہ بھی جاری رہے گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات