Live Updates

مقبوضہ جموںوکشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز،بھدرواہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل

ہفتہ 24 مئی 2025 19:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز نے مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوںکا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری اہلکاروں، سپیشل آپریشنز گروپ اورسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی کی مشترکہ ٹیموں کیطرف سے کشتواڑ، اسلام آباد، پونچھ، راجوری، ادھم پور اور رامبن اضلاع میں گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

فوجیوں نے کشتواڑ کے علاقے چھاترو سنگھ پورہ کے گھنے جنگلات میں آج آپریشن مسلسل تیسرے دن بھی جاری رکھا ۔ آپریشن میں ڈرون کیمروں اور ہیلی کاپٹروں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ دریں اثنا، نئی دہلی کے زیر کنٹرول سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے بھارتی پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ پونچھ، راجوری، رام بن اور ادھم پور اضلاع میں کم از کم 18 مقامات پر چھاپے مارے۔

(جاری ہے)

چھاپوں کے دوران مکینوں کی سخت ہراساں کیا گیا اور اہم دستاویزات، موبائل فون اور لیپ ٹاپ وغیرہ قبضے میں لیے گئے۔ادھر بھارتی نتظامیہ نے ضلع ڈوڈہ کے علاقے بدھرواہ میں موبائل انٹر نیٹ سروسز معطل کر دی ہیں۔ سروس کی معطلی کا حکمنامہ مقبوضہ علاقے کے محکمہ داخلہ نے جاری کیا ہے ۔ یہ معطلی 27 مئی تک نافذ رہے گی۔موبائل سروسز معطل کرنے کی وجہ علاقے کی سلامتی اور امن عامہ کو برقرار رکھنا بتا ٰیاگیا ہے تاہم یہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی جبر کی ایک واضح مثال ہے۔

مودی حکومت نے علاقے میں اظہاررائے کی آزادی کا حق مکمل طورپر سلب کر رکھا ہے ، بھارتی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کے تحت گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جاتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات